Urdu News

ہندوستانی اور امریکی فوجیوں کی ہماچل کے پہاڑی علاقوں میں مشترکہ مشقیں

ہند۔امریکی خصوصی افواج کی مشترکہ مشق بکلوہ،ہماچل پردیش میں اختتام پذیر

دونوں فوجوں نے انسداد  دہشت گردی کی کارروائیوں میں ایک دوسرے کی تربیت کا استعمال کیا

مشترکہ مشقوں سے دوستی کے روایتی بندھن مضبوط ہوئے، دوطرفہ دفاعی تعاون میں بہتری آئی

 ہندوستانی اور امریکی افواج کے درمیان 21 روزہ مشترکہ مشقیں اتوار کو ختم ہوگئیں۔ امریکی مشترکہ اسپیشل فورس کے ساتھ مشق ‘وجرا پرہار’ کا 13 واں ایڈیشن ہماچل کے بکلوہ کے پہاڑی علاقے میں ہوا۔ اس دوران دونوں ممالک کی فوجوں نے فضائی آپریشن، خصوصی آپریشن اور انسداد دہشت گردی آپریشن میں ایک دوسرے کی ماہرانہ صلاحیت سے مستفید ہونے کی مشق کی۔

ہند-امریکی اسپیشل فورس کی یہ تربیتی مشق ‘وجرا پرہار’ 2010 سے شروع ہوئی تھی جو دونوں ممالک میں باری باری منعقد کی جاتی ہے۔ یعنی ایک سال یہ مشترکہ مشق امریکہ میں اور دوسرے سال ہندوستان میں ہوتی ہے۔ اس کا 12 واں ایڈیشن اکتوبر 2021 میں جوائنٹ بیس لیوس میک کورڈ، واشنگٹن (امریکہ) میں منعقد ہوا۔ ‘وجرا پرہار’ ہند-امریکی اسپیشل فورس کی مشترکہ تربیتی مشق ہے۔ اس میں امریکی فوج کی نمائندگی یو ایس پیسفک کمانڈ کا سپیشل فورسز گروپ کر رہا ہے۔

مشق کے دوران دونوں دستوں نے پہاڑی خطوں میں روایتی اور غیر روایتی انداز میں فوجی کاروائیوں کی مشترکہ تربیت، منصوبہ بندی اور عمل درآمد  سے متعلق مشق کیا۔ اس دوران دونوں فوجیوں نے معیارات اور بہترین فوجی صلاحیتیں بروئے   کار لاتے ہوئے  مشق پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وجرا پرہار مشق عالمی پس منظر میں دونوں ممالک کو درپیش موجودہ سیکورٹی چیلنجوں کے پیش نظر اہمیت رکھتی ہے۔ مشترکہ فوجی مشقوں نے دوستی کے روایتی بندھن کو مزید مضبوط کیا ہے اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون میں بہتری آئی ہے۔

Recommended