Urdu News

زندگی کی جنگ ہار گئے ہیلی کاپٹر حادثہ میں زخمی گروپ کیپٹن ورون سنگھ

زندگی کی جنگ ہار گئے ہیلی کاپٹر حادثہ میں زخمی گروپ کیپٹن ورون سنگھ

کل رات بگڑی تھی حالت، آج صبح بنگلور واقع فوج کے اسپتال میں دم توڑا، وزیراعظم مودی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے اہل خانہ اور دوستوں سے تعزیت کا اظہار کیا

نئی دہلی،15دسمبر(انڈیا نیرٹیو)

تمل ناڈو کے کنور میں 08دسمبر کو حادثہ کا شکار ہوئے فضائیہ کے ہیلی کاپٹرمیں واحد زندہ بچ جانے والے گروپ کیپٹن ورون سنگھ کا بھی بدھ کو انتقال ہوگیا۔ اس حادثے میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ مدھولیکا راوت سمیت13لوگوں کی موت ہوگئی تھی۔ گروپ کیپٹن کے انتقال کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے فضائیہ نے ایک بیان میں کہا کہ ”ایئر فورس کو یہ بتاتے ہوئے گہرا دکھ ہو رہا ہے کہ بہادر گروپ کیپٹن ورون سنگھ کا انتقال ہو گیا ہے۔

8 دسمبر 2021 کو ہیلی کاپٹر حادثے میں زخمی ہونے والے گروپ کیپٹن سنگھ کا آج صبح انتقال ہوگیا۔ ہندوستانی فضائیہ ان کے انتقال پر گہرے رنج و وغم کا اظہار کرتی ہے اور سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعظم نریندر مودی اور وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ اور دوستوں کے لئے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ گروپ کیپٹن ورون سنگھ نے فخر،انہتائی پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ ملک کی خدمت کی۔ ان کے انتقال سے بے حد دکھی ہوں۔ ملک کے لئے ان کی بے مثال خدمات کو کبھی نہیں بھلایا جاسکے گا۔ ان کے خاندان اور دوستوں کے لئے تعزیت۔وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ فضائیہ کے پائلٹ گروپ کیپٹن ورون سنگھ کی موت کے بارے میں سن کر دکھ ہوا۔ وہ ایک سچے جاں باز جنگجو تھے، جو آخری سانس تک لڑتے رہے۔ میری گہری تعزیت ان کے خاندان اور دوستوں کے ساتھ ہیں۔ تکلیف کی اس گھڑی میں ہم خاندان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ بہادری اوربھارتی فضائیہ نے آج ٹوئٹ کرکے کہا کہ08دسمبر کو ہیلی کاپٹر حادثہ میں زخمی ہونے کی وجہ سے بہادر گروپ کیپٹن ورون سنگھ کی اطلاع دیتے ہوئے گہرا دکھ ہوا ہے، جن کا آج صبح انتقال ہوگیا۔

خیال رہے تمل ناڈو کے کنور میں جنرل راوت کو لے جانے والے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر میں کل 14 افراد سوار تھے، جن میں سے گروپ کیپٹن ورون سنگھ تنہا اب بھی زندگی و موت سے جنگ لڑ رہے تھے۔ صدر رام ناتھ کووند، وزیر عظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

Recommended