Urdu News

مہاراشٹر: انل دیشمکھ ای ڈی کے سامنے پیش نہیں ہوئے

مہاراشٹرا کے سابق وزیر داخلہ انل دیشمکھ

ای ڈی نے دیشمکھ کے دو نجی سیکرٹریوں کو گرفتار کرلیا

ممبئی ، 26 جون (انڈیا نیرٹیو)

مہاراشٹرا کے سابق وزیر داخلہ انل دیشمکھ، جو 100 کروڑ روپئے کی ناجائز وصولی کے معاملے میں ماخوذ ہیں، ہفتہ کے روز انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے دفتر میں پیش نہیں ہوئے۔ ایک روز پہلے ای ڈی نے ممبئی اور ناگپور میں ان کے مختلف ٹھکانوں پر چھاپے کے بعد ہفتہ کو انہیں آفس میں حاضر ہونے کے لیےسمن جاری کیا تھا۔ دیشمکھ کے وکیل نے ای ڈی سے ایک خط کے ذریعے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ کن دستاویزات کی بنیاد پر ان کے مؤکل دیشمکھ کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا جارہا ہے۔ 

دریں اثنا ، اطلاعات کے مطابق ای ڈی نے ہفتہ وسولی کے معاملے میں سابق وزیر داخلہ انل دیش مکھ کے دونوں نجی سکریٹریوں ، کندن شندے اور سنجیو پالانڈے کو گرفتار کیا ہے۔ ای ڈی کی ٹیم ان دونوں کو خصوصی عدالت میں پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ 

دیشمکھ کے وکیل جےونت پاٹل نے کہا کہ ای ڈی کی طرف سے جاری کردہ سمن میں یہ واضح نہیں ہے کہ اس معاملے پر کس سے پوچھ گچھ کی جائے۔ اسی وجہ سے ، دیشمکھ آج ای ڈی کے دفتر میں پیش نہیں ہوئے۔ ای ڈی کو واضح کرنا چاہیے کہ کس معاملے میں اور کن دستاویزات کی بنیاد پر ان سے تفتیش کی جانی ہے۔

Recommended