Urdu News

مہاراشٹر میں ایکناتھ شندے کی حکومت نے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا

وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے

ممبئی، 04 جولائی (انڈیا نیرٹیو)

مہاراشٹر اسمبلی میں پیر کے روز وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلی ٰدیویندر فڑنویس کی قیادت والی حکومت نے اعتماد کاووٹ حاصل کر لیا۔ اعتماد کے ووٹ کی حمایت میں 164 ووٹ ڈالے گئے۔ راہل نارویکر کو بھی اتوار کے روز  اسپیکر کے عہدے کے انتخاب میں 164 ووٹ ملے۔

اعتماد کے ووٹ کے خلاف 99 ووٹ ڈالے گئے۔ اس دوران سماج وادی پارٹی اور ایم آئی ایم کے تین ایم ایل اے غیر جانبدار رہے۔ اس طرح ایکناتھ شندے کی حکومت کو اپوزیشن سے 65 ووٹ زیادہ ملے۔ انہوں نے اکثریت کے جادوئی اعداد و شمار سے 20 زیادہ ووٹ حاصل کیے۔ مہاراشٹر اسمبلی میں ارکان کی مجموعی طور پر تعداد 288 ہے۔ ان میں سے ایک ممبر کا انتقال ہو گیا ہے۔ دو ایم ایل اے جیل میں ہیں۔ اعتماد کے ووٹ کے دوران ایوان میں 266 ارکان موجود تھے۔

اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے صبح 11 بجے ایوان کی کارروائی شروع کی۔ سابق وزیر خزانہ سدھیر منگنٹی وار نے ایکناتھ شندے حکومت کے لیے اعتماد کا ووٹ پیش کیا۔ اس کے بعد اعتماد کے ووٹ کا عمل مکمل ہوا۔ ووٹوں کی گنتی کے بعداسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے ایکناتھ شندے اور دیویندر فڑنویس حکومت کے حق میں 164 اور اپوزیشن کے حق میں 99 ووٹوں کا اعلان کیا۔ دیویندر فڑنویس نے ایکناتھ شندے کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے  پر مبارکباد دی ہے۔

Recommended