شرد پوار نے کہا – علاقائی پارٹیوں کو متحد کرکے ہم ایک مضبوط تیسرا محاذ بنائیں گے
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بدھ کے روز ممبئی میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار سے ملاقات کے بعد کانگریس پر طنز کیا۔ بنرجی نے کہا کہ جو لوگ لڑنا نہیں چاہتے، ہم ان کے بغیر آگے بڑھیں گے اور آئندہ لوک سبھا انتخابات میں تیسرے محاذ کی شکل میں ایک مضبوط متبادل تیار کریں گے۔ ساتھ ہی شرد پوار نے بھی علاقائی پارٹیوں کو ساتھ ملا کر تیسرا محاذ بنانے پر زور دیا ہے۔
ترنمول کانگریس کی صدر ممتابنرجی نے شرد پوار کی موجودگی میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ ان لوگوں کو جمعکرنے کی کوشش کر رہی ہیں جو مضبوط کھڑے ہیں اور میدان میں لڑ رہے ہیں۔ کانگریس کا ذکر کیے بغیر انہوں نے کہا کہ جو لوگ لڑائی میں کہیں نہیں ہیں، وہ ان لوگوں کے بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہتیں۔ ان کے بغیر آگے بڑھیں گے۔
این سی پی کے صدر شرد پوار نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ تمام علاقائی پارٹیوں کو متحد کیا جائے اور آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لیے ایک مضبوط متبادل تیار کیا جائے۔ اس تیسرے محاذ کی قیادت کون کرے گا، اس وقت یہ مسئلہ نہیں ہے۔ اس کا فیصلہ بعد میں اتفاق رائے سے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ممتا دیدی کا یہ کہنا درست ہے کہ جو میدان میں ہیں، انہیں ساتھ لے کر چلیں گے۔
شرد پوار کے ساتھ ایک گھنٹہ طویل بات چیت کے بعد بنرجی نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر علاقائی پارٹیوں کو ساتھ ملا کر ایک مضبوط تیسرا محاذ تشکیل دینا ضروری ہے۔ وہ خود شیوسینا کے صدر اور وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے سے ملنا چاہتی تھیں، لیکن وہ اسپتال میں تھے۔ اس لیے انھوں نے آدتیہ ٹھاکرے اور سنجے راوت سے ملاقات کی۔ بنرجی نے ادھو کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔ بنرجی نے منگل کے روز ادھو کے بیٹے اور ریاستی وزیر ماحولیات آدتیہ ٹھاکرے سے ملاقات کے بعد "جے مراٹھا، جے بنگلہ" کا نعرہ دیا تھا۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ بنرجی منگل کے روز ممبئی کے تین روزہ دورے پر پہنچیں اور سدھی ونائک مندر میں پوجا کی۔ اس کے بعد بنرجی نے 26/11 ممبئی دہشت گردانہ حملے کے شہید تکارام اومبلے کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کیا۔ بنرجی نے بدھ کے روز ممبئی میں غیر بی جے پی پارٹیوں کے ساتھ میٹنگ کی اور ان پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے بعد انہوں نے شرد پوار سے ملاقات کی۔ وزیر اعلی بنرجی کے اس دورے کا بنیادی مقصد اپریل میں مغربی بنگال میں ہونے والی بزنس سمٹ ہے جس میں وہ صنعت کاروں کو مدعو کرنے پہنچی ہیں۔ بنرجی جمعرات کے روز مغربی بنگال واپس آئیں گے۔