Urdu News

ممتا نے مکل کی واپسی پر بولا: بی جے پی ڈرا دھمکا کر لے گئی تھی

ممتا بنرجی اور مکل رائے

ممتا نے مکل کی واپسی پر بولا: بی جے پی ڈرا دھمکا کر لے گئی تھی ، اچھا ہوا بیٹا گھر لوٹا

بائیں محاذ سے ٹکر لینے سے لے کرریاست میں دو بار حکومت بنانے تک ممتا بنرجی کے اہم معاون رہے مکل رائے کے بی جے پی چھوڑ کرترنمول میں واپسی سے ترنمول کی سپریمو ممتا بنرجی بہت خوش ہیں۔ممتا نے مکل رائے کو دایاں ہاتھ بنانے کا عندیہ بھی دیا ہے۔ ممتا نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے مکل رائے کو ڈرا دھمکا کر ترنمول پارٹی سے دور کردیا۔

جمعہ کو ترنمول بھون میں رائے کو پارٹی میں شامل کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ان کے گھر کا بیٹا واپس لوٹ آیا ہے۔ اب سکون ہے۔ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ، ممتا بنرجی نے آج اپنے بھتیجے ابھیشیک کو ان کے پیچھے بیٹھنے کا مشورہ دیتے ہوئے مکل رائے کو دائیں طرف بیٹھایا۔ یہ ایک بہت بڑا اشارہ سمجھا جا رہا ہے ۔

 شاید وزیر اعلیٰ نے اس بات کی نشاندہی کرنے کی کوشش کی ہے کہ بنرجی کے بعد ، مکل رائے پارٹی میں وہی پرانی نمبر دو کی حیثیت رکھتے رہیں گے۔ اس کے علاوہ ممتا بنرجی نے مکل رائے کیگھر واپسی کے حوالے سے بہت سے دعوے کیے۔ اس موقع پر ، ممتا نے کہا کہ مکول رائے کو بھارتیہ جنتا پارٹی نے فرضی مقدمات اور مرکزی ایجنسیوں کا خوف دکھا کر زبردستی ترنمول سے چھین لیا۔ وہاں ان کا دم گھٹ رہا تھا۔ اب گھر لوٹ کر سکون ملا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اکتوبر 2017 کے مہینے میں ، مکل رائے نے ممتا کا ساتھ چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس وقت رائے کا یہ الزام تھا کہ ممتا پرانے رہنماؤں کی بجائے اپنے بھتیجے ابھیشیک بنرجی کو زیادہ اہمیت دے رہی ہیں۔بہت سے دوسرے لوگ بھی بی جے پی کو چھوڑیں گے۔

ممتا نے کہا کہ مکل رائے کی واپسی کے بعد ، بہت سے دوسرے پرانے حلیف بھارتیہ جنتا پارٹی چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں واپس آجائیں گے۔ تاہم ، ممتا نے واضح کیا کہ جن لوگوں نے سیاسی حد عبور کرتے ہوئے بیان بازی کی ہے انہیں واپس نہیں لیا جائے گا۔

گھر واپس آکر اچھا لگتا ہے: مکول رائے

ممتا کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مکل رائے نے کہا کہ گھر واپس آنے کے بعد انہیں اچھا محسوس ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی سیاست نہیں کرسکتا ، لہذا میں واپس آگیا ہوں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی چھوڑنے کی وجوہات کے بارے میں جب پوچھا گیا تو ، مکل رائے نے کہا کہ وہ اس کے بارے میں بعد میں بتائیں گے۔

پارٹی میں شامل ہونے کے بعد ، انہوں نے وزیر اعلیٰ کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی کو گلے لگایا اور پارٹی کے جنرل سکریٹری پارتھ چٹرجی نے ان کی تعریف کی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس کے ذریعہ بھی ، مکل نے اشارہ کیا ہے کہ وہ ابھیشیک کے ساتھ پارٹی میں کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

مکل رائے چار سال بعد پھرپارٹی میں لوٹے ، ممتا کی موجودگی میں ترنمول میں شامل ہوئے

مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد ، بھارتیہ جنتا پارٹی کو آج سب سے بڑا دھچکہ لگا ہے۔ کرشن نگر ساوتھ کے ایم ایل اے ، مکل رائے اب دوبارہ ترنمول کانگریس میں شامل ہوگئے ہیں۔

جمعہ کی دوپہر کو ، مکل رائے ترنمول کے دفتر پہنچے اور پارٹی کی رکنیت حاصل کی۔ اس سے قبل ، انہوں نے ممتا بنرجی اور دیگر رہنماؤں کے ساتھ پارٹی ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔ رائے کی ٹی ایم سی میں دوبارہ شمولیت، بی جے پی کے لیے ایک بہت بڑا نقصان سمجھا جارہا ہے۔

در اصل ، 2017 کے بعد بی جے پی میں ترنمول کے سابق لیڈروں کو شامل کرانے میں رائے کا اہم کردار تھا۔ حال ہی میں ، ترنمول کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی نے اسپتال میں زیر علاج مکل رائے کی اہلیہ کی خیریت دریافت کی تھی ۔ تبھی سے ترنمول نے مکل رائے کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا دیا تھا۔ حالاں کہ اس کے فورا بعد ہی وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کی اپنی بیمار بیوی کی حالت جاننے کے لیے مکل رائے کو فون کیا اور اس بہانے سے صورت حال کو معمول پر لانے کی کوشش کی۔ لیکن اس کا کوئی خاص اثر نہیں ہوا اور مکل رائے آخر کار ٹی ایم سی میں شامل ہو گئے۔

Recommended