سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت نے آٹو موٹیو انڈسٹری اسٹینڈرڈ (اے آئی ایس) 145 کے مطابق ڈرائیور کے لئے ایئر بیگ کی ضرورت کو 7 دسمبر 2017 کو جاری جی ایس آر 1483 (ای) کے ذریعہ ضروری قرار دیا ہے۔ وزارت نے اے آئی ایس 145 کے مطابق ، جس میں وقتا فوقتا ترمیم ہوتی رہتی ہے، ڈرائیور کے برابر میں سیٹ پر بیٹھے شخص کے لئے بھی ایئر بیگ کی فراہمی کو ضروری قرار دیتے ہوئے جی ایس آر 148 (ای) جاری کیا ہے جس کے تحت موٹر وہیکل تیار کرنے والوں کے لئے یکم اپریل 2021 کے بعد سے نئے ماڈلوں میں ایئر بیگ لگانے ضروری ہوں گے۔ جبکہ موجودہ ماڈلوں میں 31 اگست 2021 سے انہیں لازمی کیا گیا ہے۔ البتہ کووڈ – 19 وبا کی وجہ سے وزارت نے 26 اگست 2021 کو جاری جی ایس آر 595 (ای) کے تحت موجودہ ماڈلوں میں ایئر بیگ فٹ کرنے پر عمل درآمد کی تاریخ میں توسیع کر کے 31 دسمبر 2021 تک کردی تھی۔
سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت نے جی ایس آر 16 (ای) کے ذریعہ 14 جنوری 2022 کو مشتہر کیا ہے کہ یکم اکتوبر 2022 کے بعد تیار ہونے والی ایم 1 زمرے کی موٹر گاڑیوں میں دو الگ الگ ٹورسو ایئر بیگ ، جو ڈیش بورڈ کے سامنے بیٹھنے والے دونوں افراد کے لئے ہوں، فٹ ہونے چاہئیں۔ یہ نوٹیفکیشن موٹر گاڑیوں میں بیٹھے مسافروں کی حفاظت میں اضافہ کرنے کے لئے جاری کیا گیا ہے۔ گاڑی کی ٹکر کی صورت میں سائڈ / ٹورسو ایئر بیگ موٹر گاڑی کی باڈی اور اس میں بیٹھے مسافر کے درمیان کشن کا کام کرتے ہیں اور مسافر کو اس کے اثرات سے محفوظ رکھتے ہیں۔ ایئر بیگ کی لاگت کو طے کرنے کا کام موٹر گاڑی کے ماڈل اور مارکیٹ کے ذریعہ طے کی جائے گی۔ البتہ 4 ایئر بیگ کی قیمت (2 سائڈ والے ایئر بیگ اور دو سامنے والے ایئر بیگ) 5600 سے 7000 روپے تک ہوسکتی ہے۔ اس معاملے پر تمام فریقوں سے ان کی رائے اور اعتراضات 30 دن کے اندر اندر طلب کئے گئے ہیں۔ مذکورہ ریگو لیشن کو تمام فریقوں سے حاصل ہونے والے اعتراضات اور ان کی رائے پر غور کرنے کے بعد قطعی شکل دی جائے گی۔
سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری نے راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب میں معلومات فراہم کیں۔