Urdu News

ماریشس کے وزیراعظم وارانسی کا کریں گے دورہ، انتظامی تیاریاں شروع

ماریشس کے وزیراعظم وارانسی کا کریں گے دورہ

ماریشس کے وزیر اعظم پراوِند جگناوتھ اپنی اہلیہ کے ساتھ 21 اپریل کو وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی کا دورہ کریں گے۔ انتظامیہ کو اس سلسلے میں وزارت خارجہ سے ہدایات موصول ہوئی ہیں۔ تقریباً تین برس بعد کاشی آنے والے ماریشس کے وزیر اعظم کے شاندار استقبال کے لیے اتوار کو انتظامی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

ماریشس کے وزیر اعظم وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر ہندوستان کے آٹھ روزہ دورے پر ممبئی پہنچ گئے ہیں۔ دورہ کرنے والے وزیر اعظم وارانسی میں دو دن قیام کریں گے۔ ریاستی گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ خود ان کے  استقبال کے لیے کاشی میں موجود رہیں گے۔ ماریشس کے وزیر اعظم وارانسی میں گنگا درشن، آرتی اور شری کاشی وشواناتھ دھام میں پوجا کریں گے۔ وارانسی میں اپنے قیام کے دوران ماریشس کے وزیر اعظم کی وزیر اعلیٰ یوگی کے ساتھ اتر پردیش سے تجارت سمیت دیگر اہم مسائل پر گفتگو کریں گے۔ 

ماریشس کے وزیر اعظم پراویند جگناوتھ جنوری 2019 میں وارانسی میں منعقدہ 15ویں پرواسی بھارتیہ سمیلن میں شرکت کے لیے آئے تھے۔ ماریشس کے وزیر اعظم پراوِند جگناوتھ کے آباؤ اجداد بلیا کے رہنے والے ہیں۔ 2018 میں ماریشس کے ہائی کمشنر جگدیشور گووردھن نے بھی بلیا کا دورہ کیا تھا۔ کاشی سمیت پوروانچل کے اضلاع میں ماریشس کی جڑیں گہری ہیں۔ ہندوستان اور ماریشس کے درمیان دوستانہ تعلقات ہندوستان کی تحریک آزادی سے جڑے ہوئے ہیں۔ برطانوی استعمار سے آزادی کی تحریک میں ماریشس ہندوستان کا اتحادی بھی تھا۔   ہندوستان ماریشس کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں اور برآمد کنندگان میں سے ایک ہے۔

Recommended