بی جے پی نے اگلے سال یعنی 2024 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ خاص طور پر مغربی بنگال سے ممبران پارلیمنٹ کی تعداد میں مزید اضافہ کرنے کے لیے پارٹی نے ایک بار پھر اپنی مرکزی قیادت کو میدان میں اتارنے کی تیاری کی ہے۔ اس مہینے سے بنگال میں اگلے سال مارچ میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کا بگل بج جائے گا۔
ریاستی بی جے پی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ایک بار پھر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اس مہینے کی 17 تاریخ کو بنگال آ رہے ہیں۔ وہ دو عوامی جلسے کریں گے۔ پہلا جلسہ جنوبی 24 پرگنہ کے متھرا پور میں اور دوسرا جلسہ ہگلی کے آرام باغ میں کرنے کی تجویز ہے۔
پارٹی کے ایک ذرائع نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اس جلسہ عام کی تجویز دی گئی ہے۔
متھرا پور میں ہونے والی امت شاہ کی عوامی ریلی میں نہ صرف جنوبی 24 پرگنہ بلکہ شمالی 24 پرگنہ ، کولکاتہ اور ہاوڑہ سے بھی بڑی تعداد میں لوگ آئیں گے۔
یہاں امت شاہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے لیے پہلی عوامی میٹنگ کریں گے۔ اس کے بعد بردوان ، مشرقی اور مغربی مدنی پور اور پرولیا جیسے علاقوں سے پارٹی کارکن بھی ہگلی میں جلسہ عام کے لیے آئیں گے۔
بی جے پی کے ذرائع نے بتایا کہ مغربی بنگال میں امت شاہ اور نریندر مودی کی کل 40 عوامی میٹنگیں پورے سال یعنی جنوری 2023 سے شروع ہوکر مارچ 2024 تک لوک سبھا انتخابات سے قبل تجویز کی گئی ہیں۔