Urdu News

مشن 2024: 12 جون کو پٹنہ میں اپوزیشن کا اجلاس،عام انتخابات کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور

پٹنہ میں اپوزیشن کا اجلاس عام: تصویر میں نتیش کمار، ملکا ارجن گھڑگے، راہل گاندھی اور تیجسوی یادو

پٹنہ، 29  مئی(انڈیا نیرٹیو)

 بہار کے وزیراعلی نتیش کمار نےگزشتہ 2 مہینوں میں اپوزیشن جماعتوں کے کئی لیڈروں سے ملاقات کرکے اپوزیشن اتحاد کے لیے ایک اجلاس منعقد کرنے پراتفاق کیا ہے۔ اب تک راہل گاندھی، کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے، دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال، مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی، جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین، ایس پی سپریمواکھلیش یادو، اڈیشہ کے وزیراعلی نوین پٹنائک، این سی پی کے سپریمو شرد پوار، مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے، سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری اور سی پی آئی لیڈر ڈی راجہ سے ملاقات کی ہے۔

نوین پٹنائک کو چھوڑکرسبھی نے اپوزیشن اتحاد مہم کی حمایت کی ہے۔ اجلاس کی تاریخ طے کرنے کے بعد تمام جماعتوں کو دعوت نامے بھیجنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

 وزیراعلیٰ کی سطح پر پارٹی کے سینئرلیڈروں کے ساتھ اس سلسلے میں مسلسل میٹنگیں ہو رہی ہیں۔ پٹنہ میں ہونے والی 12 جون کو اپوزیشن پار ٹیوں کی میٹنگ میں جن پارٹیوں کے لیڈر موجود ہوسکتے ہیں۔ اس میں کانگریس، ٹی ایم سی، عآپ، جھارکھنڈ مکتی مورچہ، این سی پی، شیو سینا (ادھو ٹھاکرے گروپ)، ڈی ایم کے، جے ڈی یو، آر جے ڈی، سی پی آئی، سی پی ایم اورسی پی آئی مالے شامل ہیں۔

کانگریس کی طرف سے تاریخ طے ہونے کے بعد اب پٹنہ میں میٹنگ کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ حالانکہ جے ڈی یو لیڈر پٹنہ میں اس جگہ کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہہ رہے ہیں۔ مانا جا رہا ہے کہ یہ ملاقات کسی بڑے ہوٹل میں ہو سکتی ہے۔ فی الحال جن لیڈروں سے نتیش کمار نے ملاقات کی ہے ان کے علاوہ دیگر اپوزیشن جماعتوں کو بھی مدعو کیا جا سکتا ہے۔

بی جے پی لیڈربھلے ہی مسلسل بیان دے رہے ہیں کہ نتیش کمار پکنک منانے کے لیے اپوزیشن اتحاد کی مہم چلا رہے ہیں، لیکن گزشتہ کچھ دنوں سے اپوزیشن اتحاد کااثربھی دکھائی دینے لگا ہے۔ حال ہی میں 19 جماعتوں نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب کا بائیکاٹ کرکے اپوزیشن یکجہتی ظاہر کرنے کی کوشش کی۔ اس کے ساتھ ہی اس سے ٹھیک پہلے وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں نیتی آیوگ کی میٹنگ سے کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ غیر حاضر رہے۔

ان میں بہار ، بنگال ، دہلی ، پنجاب ، چھتیس گڑھ اور راجستھان شامل ہیں۔ ہر جگہ غیر بی جے پی کی حکومت ہے۔ دوسری جانب دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی پہل پر مرکزی حکومت کی طرف سے لگائے گئے ا?رڈیننس کے خلاف اپوزیشن کو متحد کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ نتیش کمار بہار، جھارکھنڈ، اترپردیش، مغربی بنگال، دہلی، مہاراشٹراورپنجاب جیسی ریاستوں میں اپوزیشن جماعتوں کو کانگریس کے ساتھ اتحاد میں لا کر بی جے پی کو سیدھا چیلنج دینے کی کوشش کر رہے ہیں جہاں کانگریس کمزور ہے۔

ان ریاستوں میں 250 سے زیادہ لوک سبھا سیٹیں ہیں۔ اس وقت 150 سے زیادہ سیٹوں پر بی جے پی کا قبضہ ہے اوراسی میں سیندھ مارنے کی نتیش کمار کی طرف سے 2024 میں تیاری ہے،تاکہ بی جے پی اقتدار سے باہر ہو جائے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ 12 جون کو جب میٹنگ ہوگی تو اس میں کون۔ کون سی پارٹیاں اور ان کے لیڈر حصہ لیتے ہیں۔ جس سے بی جے پی کے خلاف اتحاد بنانے کیلئے اتفاق رائے بن سکے۔

Recommended