Urdu News

مودی حکومت کانگریس کو جھکانا چاہتی ہے، احتجاج جاری رکھیں گے: کھڑگے

کانگریس کے سینئر لیڈر ملکارجن کھڑگے

کانگریس کے سینئر لیڈر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ مرکز کی مودی حکومت کانگریس کو جھکاناچاہتی ہے لیکن پارٹی نہیں جھکے گی۔

کھڑگے نے پیر کو راہل گاندھی کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سامنے پیش ہونے پر مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کانگریس کے لوگوں کو ہراساں کر رہی ہے۔ کانگریسیوں کو بھی پرامن طریقے سے چلنے سے روکا جا رہا ہے۔ لیکن کانگریس کے لوگ جمہوری طریقے سے اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔

ساتھ ہی پارٹی کے قومی ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ مودی حکومت نے دہلی کو چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے۔ سینکڑوں پولیس رکاوٹوں اور ہزاروں پولیس کانسٹیبلوں کولگاکر کانگریس کے احتجاج کو روکا جا رہا ہے۔ سرجے والا نے کہا کہ کانگریس کے ہزاروں کارکنوں کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ مرکزی حکومت کو بتانا چاہئے کہ کانگریس کارکنوں کو کیوں گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا پیدل چلنا جرم ہے؟

قابل ذکر ہے کہ کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ راہل گاندھی کو آج ای ڈی نے نیشنل ہیرالڈ منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں طلب کیا ہے۔ یہاں ای ڈی کے اہلکار راہل گاندھی سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ ای ڈی کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کانگریس ملک بھر میں احتجاج کر رہی ہے۔

Recommended