راجدھانی دہلی میں مانسون کی دستک
نئی دہلی ، 13 جولائی (انڈیا نیرٹیو)
گرمی اور شدید دھوپ سے پریشان دہلی کے عوام کو منگل کی صبح مانسون کی پہلی بارش نے راحت دلائی۔قومی دارالحکومت دہلی میں آج صبح سے ہی مانسون کی رم چھم بارش ہو رہی ہے۔ اس بار دہلی میں مانسون نے دیر سے دستک دی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ دہلی میں گزشتہ 15 سالوں میں پہلی بار مانسون اتنی تاخیر سے آیا ہے۔ عام طور پریہاں مانسون 27 جون تک پہنچ جاتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں صبح 7 بجے سے 8.30 بجے تک متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ صفدرجنگ میں 2.5 سینٹی میٹر، آیا نگر 1.3، پالم 2.4 سینٹی میٹر اور رج میں 1.0 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے آج دہلی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا۔