نئی دہلی، 21 نومبر 2021:
سائنس اور تکنالوجی کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ؛ ارضیاتی سائنسز کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ؛ پی ایم او، عملہ، عوامی شکایات، پنشن، ایٹمی توانائی اور خلاء کے وزیر مملکت، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت نے ردّی کو ٹھکانے لگانے کے ذریعہ تقریباً 40 کروڑ روپئے کمائے اور حکومت ہند میں زیر التوا معاملات کو نمٹانے کے لئے 2 اکتوبر کو لانچ کی گئی ایک خصوصی مہم کے توسط سے آٹھ لاکھ مربع فٹ کے بقدر جگہ خالی کی۔
غور طلب ہے کہ وزیر موصوف نے ڈی اے آر پی جی (انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات کا محکمہ)کے نوڈل محکمہ کے تحت 2 اکتوبر سے 31 اکتوبر 2021 کے دوران حکومت ہند کی تمام وزارتوں /محکموں میں زیر التوا کاموں کے نپٹارے کے لئے یکم اکتوبر 2021 کو ایک خصوصی مہم کا آغاز کیا تھا۔
مہم کے نتائج پر ڈی اے آر پی جی کے سرکردہ افسران کے ساتھ ایک خصوصی جائزہ میٹنگ کے موقع پر، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ مقصد کی حصولیابی کے لئے نشان زد کی گئیں 15 لاکھ 23 ہزار 464 فائیلوں میں سے 13 لاکھ 73 ہزار 204 فائلیں ہٹائی گئیں۔ اسی طرح، 328234 شکایات کے اہداف کے مقابلے میں 30 دنوں کی مختصر مدت میں 291692 شکایتوں کا ازالہ کیا گیا۔اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے موصول شدہ 11057 حوالہ جات میں سے 8282 کو حل کیا گیا۔ اس کے علاوہ،اسی مدت کے دوران 834 شناخت شدہ قواعد اور طریقہ کار میں سے 685 کو سہل بنایا گیا۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نےکہا کہ حکومت میں زیر التوا معاملات کو نمٹانے کی خصوصی مہم کو وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی ہدایت میں انجام دیا گیا اور اس ہفتے ا ن کے سامنے اس مہم کی پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ، اس خصوصی مہم کا مقصد اس کی مدت کے دوران عوامی شکایات کا بروقت اور مؤثر طریقے سے ازالہ، اراکین پارلیمنٹ ، ریاستی حکومتوں ، بین وزارتی مشاورتوں کی جانب سے حوالہ جات کا حل، اور ہر ایک وزارت/محکمہ اور اس کے منسلک/ذیلی دفاتر کے ذریعہ پارلیمانی یقین دہانی کرانا تھا۔ وزیر موصوف نے مطلع کیا کہ اس خصوصی مہم کے دوران، عارضی نوعیت کی حامل فائیلوں کی نشاندہی کی گئی اور انہیں موجودہ ہدایات کے مطابق ہٹایا گیا، اور کام کاج کی جگہوں پر صفائی ستھرائی کو بہتر بنانے کے لئے غیر ضروری کباڑ کے سامان اور فرسودہ اشیاء کو ضائع کیا گیا۔
مودی کے سووَچھ بھارت مشن ، جو کہ ملک میں ایک عوامی تحریک بن چکا ہے، سے ترغیب حاصل کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کام کاج کی جگہوں کو مفید صحت، صاف ستھرا اور بے ترتیبی سے مبرا بنانے کے لئے مستقبل میں اس طریقے کو اپنانے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے ڈی اے آر پی جی کو مختلف زمروں کے زیر التوا معاملات میں تخفیف لانے کے سلسلے میں حکومت ہند کی تمام وزارتوں/محکموں کا تقابلی جائزہ لینے اور مسابقتی جذبے کو پروان چڑھانے کے لئے بہترین طور طریقوں کا انتخاب کرکے انہیں سب کے ساتھ شیئر کرنے کے بارے میں ہدایت جاری کی۔
انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات کا محکمہ (ڈی اے آر پی جی) اس مہم کے نفاذ کی نگرانی کرنے والی نوڈل وزارت تھی۔ اس مقصد کی حصولیابی کے لئے ایک کلی طور پر وقف ڈیش بورڈ تیار کیا گیا تھا اور حکومت ہند کی تمام وزارتوں/ محکموں کے لئے اس سلسلے میں تفصیلی ہدایات بھی جاری کی گئی تھیں۔ ہر ایک وزارت / محکمہ کے ذریعہ خصوصی مہم کے لئے ایک نوڈل افسر کو نامزد کیا گیا تھا۔ سکریٹریوں/ ایچ او ڈی کے ذریعہ یومیہ بنیاد پر پیش رفت پر نگرانی کی جاتھی تھی۔ 22 ستمبر 2021 سے وقف پورٹل https://pgportal.gov.in/scdpm پر اس کی شروعات کی گئی اور اسے راست طور پر نشر کیا گیا، جس سے وزارتوں کو شناخت شدہ معیارات کی بنیاد پر ڈاٹا داخل کرنے کے لئے اہل بنایا جا سکے۔