نئی دہلی، 12 مئی
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کو نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مل گیا ہے۔ ایلون مسک نے دیر رات ٹویٹر کے سی ای او کے عہدے سے سبکدوش ہونے کا اعلان کیا تاہم نئے سی ای او کا نام ظاہر نہیں کیا۔ حالانکہ وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ کے مطابق این بی سی یونیورسل کی ٹاپ ایڈورٹائزنگ سیلز ایگزیکٹو لنڈا یاکارینو ٹوئٹر کی نئی سی ای او ہوسکتی ہیں۔
ٹوئٹر سربراہ نے ٹوئٹر کے نئے سی ای او کی تقرری کا اعلان ان کا نام لیے بغیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ چھ ہفتوں میں اپنا کام شروع کر دیں گی۔ ایلون مسک نے ٹویٹ کیا کہ اب وہ ٹوئٹر کے ایگزیکٹو چیئرمین اور چیف ٹیکنالوجی آفیسر کے طور پر کام کریں گے۔ دراصل مسک نے ٹویٹر حاصل کرنے کے بعد وہ ایک طویل عرصے سے ٹویٹر کے لئے ایک نئے سی ای او کی تلاش میں تھے۔
قابل ذکر ہے کہ ایلون مسک نے 27 اکتوبر 2022 کو ٹویٹر کو 44 بلین ڈالر میں خریدا تھا۔ اس کے بعد مسک نے کمپنی کے چار اعلیٰ عہدیداروں کو باہر کا راستہ دکھا دیا تھا۔ ان میں سی ای او پراگ اگروال، فائنانس چیف نیڈ سیگل، قانونی ایگزیکٹو وجیا گڈے اور سین ایڈگیٹ شامل تھے۔ مسک اب تک ٹویٹر کے 7,500 ملازمین میں سے 50 فیصد سے زیادہ برطرف کر چکے ہیں۔