نئی دہلی، 27 دسمبر (انڈیا نیرٹیو)
راجدھانی دہلی میں کووڈ-19 کے بڑھتے ہوئے معاملات اور نئی ویرینٹ اومیکرون کے پیش نظر، دہلی حکومت نے آج سے رات کا کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رات 11:00 بجے سے صبح 5:00 بجے تک رات کا کرفیو نافذ رہے گا۔
وہیں رات کے کرفیو میں، دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) نے محکمہ صحت، پولیس، ہوم گارڈس، سول ڈیفنس، فائر فائٹرس، بجلی، پانی، پبلک ٹرانسپورٹ اور ایمرجنسی سروسز سے متعلق تمام لوگوں کو آمد و رفت کی اجازت دی ہے۔ اس دوران ججز، جوڈیشل سروسز سے وابستہ تمام افراد کو بھی نقل و حرکت کی اجازت دی گئی ہے تاہم اس دوران انہیں شناختی کارڈ دکھانا ہوگا۔
ساتھ ہی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے اہلکاروں کو بھی رات کے کرفیو میں استثنیٰ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ حاملہ خواتین اور مریضوں کو میڈیکل چیک اپ کے لیے آنے اور جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایئرپورٹ، ریلوے اسٹیشن، آئی ایس بی ٹی جانے والے تمام لوگوں کو ویلیڈ ٹکٹ پر آنے اور جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ جو لوگ پوسٹ آفس، بینک، انشورنس، اے ٹی ایم اور آر بی آئی وغیرہ جیسی خدمات سے وابستہ ہیں انہیں بھی جانے کی اجازت دی گئی ہے۔
رات کے کرفیو کے دوران بین ریاستی بس سروس جاری رہے گی۔ اس کے علاوہ وہ لوگ جو کمرشیل یا پرائیویٹ خدمات سے وابستہ ہیں جن میں دودھ، پھل، سبزیاں وغیرہ شامل ہیں اور یہ لوگ ٹیلی کمیونیکیشن، انٹرنیٹ سروس، براڈ کاسٹنگ، کیبل سروس، ایل پی جی، سی این جی سروسز سے وابستہ ہیں انہیں بھی رات کے کرفیو سے استثنیٰ حاصل ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اتوار کو دہلی میں کووڈ-19 کے 290 معاملے سامنے آئے تھے، جس کے بعد دہلی حکومت نے رات کا کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔