Urdu News

انفراسٹرکچر تعمیر کا سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والا شمال مشرقی ہندوستان: وزیر اعظم  مودی

وزیر اعظم نریندرمودی

وزیر اعظم نریندرمودی نے پیر کو کہا کہ موجودہ حکومت میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے کام سے مشرقی اور شمال مشرقی ہندوستان کو سب سے زیادہ فائدہ ہوا ہے۔ انفراسٹرکچر روزگار کے مواقع اور تیز رفتار ترقی کی بنیاد ہے۔ یہ غریب ، دلت ، پسماندہ ، قبائلی اور ہر محروم کو بااختیار بناتا ہے۔ انفراسٹرکچر سب کےلئے بلا تفریق ہے۔

ایسی صورتحال میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر ایک طرح سے حقیقی سماجی انصاف ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے آسام کی پہلی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائی۔ اس موقع پر پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے شمال مشرق کو ترقی سے دور رکھا ، یہ ایک ناقابل معافی جرم ہے جس کی وجہ سے شمال مشرقی خطہ کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

گوہاٹی سے نیو جلپائی گوڑی کو جوڑنے والی یہ ٹرین سفر کے وقت میں تقریباً ایک گھنٹے کی بچت کرے گی۔ وندے بھارت ٹرین یہ سفر 5 گھنٹے 30 منٹ میں مکمل کرے گی۔ جبکہ فی الحال ان دونوں مقامات کو ملانے والی دوسری تیز ترین ٹرین 6 گھنٹے 30 منٹ لیتی ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کے زیادہ تر علاقے جوبجلی ، پانی ، ٹیلی فون ، موبائل اور ریل کی سہولیات سے محروم ہیںوہ شمال مشرق میں ہیں۔

ان کی حکومت نے خدمت کے جذبے سے کام کیا۔ آج شمال مشرق میں ریل رابطے کے معاملے میں کافی کام ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی شمال مشرق کی ہر ریاست کی راجدھانی کو براڈ گیج ریل نیٹ ورک سے جوڑ دیا جائے گا۔وزیر اعظم نے اس مدت کے دوران 182 روٹ کلومیٹر کے نئے الیکٹریفائیڈ ریلوے سیکشنز کو بھی وقف کیا۔

Recommended