انخلا کے لیے خصوصی طور پر بھیجی گئی سرکاری ٹیمیں بھی وطن واپس پہنچ جائیں گی
جنگ زدہ یوکرین میں پھنسے بھارتی شہریوں کو بچانے کے لیے شروع کی گئی بھارتی حکومت کی’آپریشن گنگا‘ مہم جمعرات کے روز مکمل ہو جائے گی۔ جمعرات کی شام یوکرین سے ہندوستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے پرواز بھرنے والی آخری فلائٹ ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانیوں کی وطن واپسی کے لئے خصوصی طور پر بھیجی گئی سرکاری ٹیمیں بھی وطن واپس پہنچ جائیں گی۔
روس نے 24 فروری کو یوکرین پر حملہ کیاتھا۔ اس کے بعد حکومت ہند نے 26 فروری کو 'آپریشن گنگا' شروع کیا۔ اس مہم کے تحت اب تک تقریباً 18 ہزار ہندوستانی شہریوں کو نکالا جا چکا ہے۔ ان میں زیادہ تر طلبا ہیں۔ طالب علموں کے آخریجتھے کے طور پر روسی سرحد کے قریب سومی میں پھنسے ہوئے تقریباً 700 طلبا ٹرین کے ذریعے مغربی یوکرینکے راستے میں ہیں۔ وہ جمعرات کو وطن واپسی کے لئے پرواز بھریں گے۔
سفارت خانے نے بدھ کے روز یوکرین کی سومی سے خصوصی ٹرین میں سوار ہونے والے ہندوستانی طلبا کی تصویریں ٹویٹ کیں۔ طلبا ان میں خوش نظر آرہے ہیں۔ ان تصاویر کو دیکھ کر پریشان کن خاندانوں کو اپنے گھروں کو واپس آنے کی امید پیدا ہوئی ہے۔ آخری بڑے گروپ میں تقریباً 600 ہندوستانی اور دوسرے ممالک کے 17 لوگ یوکرین کے پولٹاوا سے ٹرین میں سوار ہوئے۔ امکان ہے کہ وہ جمعرات کو پولینڈ سے وطن واپسی کے لیے فلائٹ پکڑیں گے۔
اسٹوڈنٹ کوآرڈینیٹر انشاد علی نے بتایا کہ ٹرین طلبا کو مغربی یوکرین کے شہر لویف لے جائے گی۔ وہاں سے انہیں بسوں کے ذریعے پولینڈ لے جایا جائے گا۔ پولٹاوا اورلویف کے درمیان فاصلہ تقریباً 888 کلومیٹر ہے۔ سومی سے نکالے گئے گروپ میں 580 طلبا، ورک پرمٹ پر گئے 20 ہندوستانی اور ان کے خاندان کے افراد شامل ہیں۔ 600 ہندوستانیوں کے ساتھ نکالے جانے والوں میں بنگلہ دیش سے 13، نیپال اور پاکستان سے ایک ایک اور تیونس سے دو افراد شامل ہیں۔
شہریوں کو نکالنے کے لئے شہر سے پولٹاوا تک انسانی راہداری کے قیام کے بعد ہی 12 بسیں روانہ ہوئیں۔ ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی، یوکرینی حکام اور ہندوستانی سفارت خانے کے اہلکاروں کے تحفظ میں تنازعہ والے علاقے کے بجائے ایک محفوظ راستے سے12 بسوں کے قافلے میں ہندوستانی شہریوں کو منگل کی صبح سومی سے پولٹاوا شہر لے جایا گیا۔ ہندوستانی اہلکار گزشتہ چند دنوں سے کوآرڈینیشن کے لیے یہاں تعینات تھے۔
بھارتیوں سمیت بحفاظت نکالی گئیں پاکستان کی اسما شفیق نے مدد پر بھارتی حکام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ نیپال کے روشن جھا بھی جنگ زدہ علاقے سے زندہ فرار ہونے پر خوش ہیں۔ انہوں نے بھی بھارت کا شکریہ ادا کیا۔ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے بنگلہ دیش کے شہریوں کی مدد کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا ہے۔