Urdu News

راہل گاندھی کی حمایت میں پارلیمنٹ سے سڑک تک اپوزیشن کا مظاہرہ

راہل گاندھی کی حمایت میں پارلیمنٹ سے سڑک تک اپوزیشن کا مظاہرہ

نئی دہلی، 27 مارچ (انڈیا نیرٹیو)

 کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو لوک سبھا سے نااہل قرار دیئے جانے اور اڈانی معاملے کو لے کر کانگریس سمیت اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ نے پیر کو پر احتجاج کیا۔ ارکان پارلیمنٹ نے احتجاجاً سیاہ کپڑوں میں ملبوس ہوکر پارلیمنٹ ہاؤس سے وجے چوک تک مارچ کیا۔ کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے بھی مظاہرے میں شرکت کی۔ سونیا کو بھی سیاہ دوپٹہ پہنے دیکھا گیا۔

دوسری طرف کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ آج ہم کالے کپڑوں میں آئے ہیں کیونکہ ملک میں جمہوریت کو ختم کیا جا رہا ہے۔ راہل گاندھی کی نااہلی کے معاملے میں سبھی نے کانگریس پارٹی کی حمایت کی ہے۔ حکومت انتخابات جیت کر آنے والوں کو دھمکیاں دے رہی ہے۔ جو نہیں جھکتے ہیں، انہیں ای ڈی اور سی بی آئی کا خوف دکھایا جاتا ہے۔

کھڑگے نے مزید کہا کہ آج جمہوریت کا سیاہ دن ہے، حکومت مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) سے کیوں گریز کر رہی ہے، جب کہ وہ اکثریت میں ہیں۔ جے پی سی میں زیادہ تر ممبران ان کی پارٹی سے ہوں گے، پھر بھی وہ خوفزدہ ہیں۔ اس کا مطلب ہے  دال میں کچھ کالا ہے ،جو ڈرتے ہیں کبھی نہ کبھی وہ پھنستے بھی ہیں۔

Recommended