حزب اختلاف لیڈران کو افغانستان کی صورت حال کی معلومات دیں گے: وزیر خارجہ
نئی دہلی، 23اگست
پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے کہاکہ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں کو افغانستان کے واقعات کے بارے میں جمعرات کو تفصیلی معلومات دیں گے مسٹر جوشی نے پیر کو ٹوئٹ کرکے یہ اطلاع دی انہوں نے کہاکہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر جمعرات کی صبح پارلیمانی ضمیمہ میں پارلیمنٹ میں تمام جماعتوں کے لیڈروں کو افغانستان کی تازہ صورت حال پر معلومات دیں گے۔ اس بارے میں تمام کو ای میل سے دعوت بھیجی جارہی ہے۔ تمام متعلقہ لیڈروں سے درخواست ہے کہ وہ اس پروگرام میں شامل ہوں۔
اس سے پہلے ڈاکٹر ایس جے شنکر نے ٹوئٹ کرکے کہا تھا کہ افغانستان کے واقعات کے مدنظر وزیراعظم نریندر مودی نے وزارت خارجہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپوزیشن جماعتوں کے ایوان میں لیڈروں کو اس بارے میں معلومات دیں۔ پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی اس سلسلہ میں آگے مطلع کریں گے۔
خیال رہے کہ افغانستان میں طالبان کے قبضہ کے بعد سے صورت حال میں تیزی سے تبدیلی آرہی ہے اور ہندستان گزشتہ کچھ دنوں سے اپنے سفارت کاروں سمیت وہاں پھنسے شہریوں کو کو نکال رہا ہے۔ ہندستان اب تک 400سے زیادہ لوگوں کو افغانستان سے لاچکا ہے۔ اپوزیشن نے حکومت کو اس بارے میں صورتحال واضح کرنے کی مانگ کی ہے۔