لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد پنچایت سے پارلیمنٹ تک تمام جمہوری اداروں کو مضبوط، زیادہ بااختیار اور جوابدہ بنانا ہے۔
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے ہفتہ کو کرناٹک کے اپنے دو روزہ دورے کے دوسرے دن صحافیوں سے بات چیت کی۔ اس موقع پر کرناٹک قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر وشویشور ہیگڑے کاگیری اور لوک سبھا کے جنرل سکریٹری اتپل کمار سنگھ بھی موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے برلا نے کہا کہ عوام کی امیدوں اور امنگوں کو پورا کرنے کے لیے منتخب نمائندوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام جمہوری اداروں کا ہموار اور منظم انداز میں کام کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل پر سنجیدگی سیگفتگو اور مباحثے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کے مسائل حل ہو سکیں۔
برلا نے کہا کہ منتخب قانون ساز اداروں کو عوام کی امیدوں اور خواہشات کو پورا کرنے کے لیے ایگزیکٹو کی موثر نگرانی کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پی) جاری کرنے کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایس او پی ملک بھر کے تمام جمہوری اداروں کو دستیاب کرائی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ ایس او پی ایک ایڈوائزری کی شکل میں ہوگا، جسے قانون ساز اداروں کی ضروریات کے مطابق اپنایا جاسکتا ہے۔
اس موقع پر برلا نے کہا کہ ملک بھر میں آزادی کا امرت مہوتسو منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پارلیمانی جمہوریت کے شاندار سفر کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر ملک بھر میں 75 پروگراموں کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ برلا نے یہ بھی بتایا کہ جمہوری عمل میں تمام لوگوں بالخصوص خواتین اور نوجوانوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے فعال کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مختلف مستفدین کے لیے تربیت اور صلاحیت بڑھانے کے پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔