پاکستان نے سری نگر سے شارجہ جانے والی پروازوں کو اپنی سرزمین سے گزرنے سے روک دیا ہے۔ اب سری نگر سے شارجہ جانے والی پروازوں کو ادے پور اور احمد آباد سے گزرنا ہوگا۔ سری نگر-شارجہ کے درمیان ہوائی سروس کا افتتاح مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق مرکزی وزارت شہری ہوابازی اور وزارت خارجہ کو بھی پاکستان کے اس فیصلے کی اطلاع مل گئی ہے۔ پاکستان نے سری نگر سے شارجہ کی پروازوں کو اپنی فضائی حدود سے گزرنے سے روک کر بین الاقوامی پروازوں کے اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سری نگر سے شارجہ تک شروع کی گئی اس فضائی سروس کا سب سے زیادہ فائدہ کشمیری عوام کو مل رہا تھا۔ پاکستان کے ذریعہ سری نگر سے آنے والی پروازوں کو منع کرنے کے بعد شارجہ کے لئے جانے والے ہوائی جہاز ادے پور، احمد آباد اور عمان سے ہوکر گزریں گے۔ اس سے ہوائی سفر بھی طویل ہو جائے گا اور عوام کی جیبوں پر مزید بوجھ پڑے گا۔