پنجاب کو 15اگست سے پہلے دہلانے کا تھا پاکستان کا ارادہ
چنڈی گڑھ: یوم آزادی سے قبل پاکستان(Pakistan) کی ایک بڑی سازش کا انکشاف ہوا ہے۔ پنجاب میں سرحد سے متصل ایک گاوں میں ڈرون سے ہتھیار گرائے گئے ہیں۔ حالانکہ گاوں والوں کی مستعدی سے ایک بڑا خطرہ ٹل گیا ہے۔ پنجاب پولیس نے ان ہتھیاروں کو برآمد کر لیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ الگ الگ تھیلیوں میں آئی ای ڈی، ہینڈ گرینیڈ اور کارتوس بھیجے گئے تھے، یہ سارے ہتھیار ڈرون سے گرائے گئے۔
حادثہ کے بارے میں پنجاب ڈی جی پی دنکر گپتا نے پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے بتایا کہ امرتسر میں اتوار کی شام کو رورل علاقے سے ہینڈ گرینیڈ اور ٹفن باکس میں آئی ای ڈی اور کارتوس برآمد ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں کے ٹفن باکس میں آئی ای ڈی فٹ کیا گیا تھا۔ پاکستان سرحد سے متصل ڈلیکے گاوں سے آئی ای ڈی بم اور ہینڈ گرینیڈ برآمد کئے گئے۔ اسے ڈرون کے ذریعہ بیگ میں بھیجا گیا تھا۔ بیگ میں ہتھیاروں کا ذخیرہ تھا۔ اطلاعات کے مطابق، اس میں 5 ہینڈ گرینیڈ، 100 9 ایم ایم کارتوس اور ٹفن بم ملے ہیں۔
ڈی جی پی دنکر گپتا کے مطابق، آئی ای ڈی بم میں دو کلو آر ڈی ایکس لگایا گیا تھا۔ سوئچ کے ذریعہ ٹائم بم بنایا گیا تھا۔ میگنیٹ لگاکر بم کو ایسا بنایا گیا تھا کہ بم کی مس ہینڈلنگ کرنے پر دھماکہ ہوسکتا تھا۔ ساتھ ہی فون کے ذریعہ بھی بم کو آپریٹ کیا جاسکتا تھا۔ 3 ڈیٹونیٹر بھی برآمد کئے گئے۔ کہا جا رہا ہے کہ ہائی ویلیو ٹارگیٹ کے لئے بم کا استعمال کیا جانا تھا۔ ڈی جی پی دنکر گپتا کے مطابق، ٹفن باکس بم کے ذریعہ سے کسی بھیڑ بھاڑ والی جگہ کو ٹارگیٹ کرنے کی تیاری تھی۔
ڈی جی پی دنکر گپتا نے یہ بھی کہا کہ سکھ فار جسٹس کی طرف سے مسلسل وزیر اعلیٰ اور گورنر کو جو دھمکی جارہی ہے، اس کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ فی الحال پوری ریاست میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ پولیس ہر طرح سے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔