Urdu News

پیگاسس جاسوسی معاملہ کی سماعت 13 ستمبر تک ملتوی

پیگاسس جاسوسی معاملہ کی سماعت 13 ستمبر تک ملتوی

نئی دہلی ، 7 ستمبر

سپریم کورٹ نے مبینہ پیگاسس جاسوسی معاملہ کی عدالت کی نگرانی میں خصوصی تحقیقات سے متعلق درخواستوں کی سماعت منگل 13 ستمبر تک کے لیے ملتوی کر دی۔

چیف جسٹس این وی رمن ، جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس اے ایس بوپنا کی ڈویژن بنچ نے مرکزی حکومت کی جانب سے پیش ہونے والے سالیسیٹر جنرل تشار مہتا کی درخواست پر سماعت 13 ستمبر تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔

سماعت کے دوران مسٹر مہتا نے کہا کہ انہیں اضافی حلف نامے کے لیے کچھ اور وقت درکار ہے کیونکہ وہ کسی وجہ سے متعلقہ افسران سے نہیں مل سکے ہیں۔ لہٰذا انہیں کم از کم جمعرات تک کا وقت دیا جائے۔

سینئر صحافی این۔ رام اور ششی کمار کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل نے مسٹر مہتا کی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں کیا اور اس کے بعد عدالت نے معاملہ 13 ستمبر تک ملتوی کر دیا۔

درخواست گزاروں نے مبینہ پیگاسس جاسوسی معاملہ کی تحقیقات کے لیے عدالت کی نگرانی میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم کا مطالبہ کیا ہے۔ درخواست گزاروں میں کئی صحافی ، وکلا ، ایڈیٹرز گلڈ اور دیگر سماجی کارکنان شامل ہیں۔

Recommended