نئی دہلی، 5 اپریل (انڈیا نیرٹیو)
ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے۔ سرکاری آئل مارکیٹنگ کمپنی نے منگل کو پھر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 80 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد راجدھانی دہلی میں پیٹرول کی قیمت 104 روپے فی لیٹر کی سطح کو عبور کر کے 104.61 روپے اور ڈیزل کی قیمت 95.87 روپے فی لیٹر پر پہنچ گئی ہے۔
گزشتہ 15 دنوں میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 13 بار اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کی وجہ سے ان 15 دنوں کے دوران دارالحکومت دہلی میں پیٹرول کی قیمت میں 9.20 روپے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا عمل 22 مارچ سے شروع ہوا تھا جو 24 مارچ اور یکم اپریل کو چھوڑ کر جاری ہے۔
آج کیے گئے اضافے کے بعد ملک کی اقتصادی راجدھانی ممبئی میں پیٹرول 119.67 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 103.92 روپے فی لیٹر کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے۔ کولکاتہ میں پیٹرول کی نئی قیمت 114.28 روپے اور ڈیزل کی نئی قیمت 99 روپے کو عبور کر کے 99.02 روپے پر پہنچ گئی ہے۔ چنئی میں 110 روپے کی سطح کو عبور کرکے پیٹرول 110.11 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 100 روپے کی سطح کو عبور کرکے 100.19 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔
اتر پردیش کی راجدھانی لکھنو? میں پیٹرول 104.45 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 96.03 روپے فی لیٹر کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ بہار کی راجدھانی پٹنہ میں پیٹرول 115.46 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 100.32 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔ جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی میں ا?ج پیٹرول کی قیمت 107.89 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت بڑھ کر 101.18 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں پیٹرول کی قیمت 117.27 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 100.34 روپے فی لیٹر پر پہنچ گئی ہے۔ کرناٹک کی راجدھانی بنگلورو میں پیٹرول کی قیمت 110.25 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے، جب کہ یہاں ڈیزل 94.01 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔
ریاستی حکومت کے بھاری ٹیکس (ویٹ) کی وجہ سے راجستھان کے گنگا نگر میں پیٹرول 122.05 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 104.53 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح مدھیہ پردیش کے برہان پور میں بھی پیٹرول فی لیٹر 119 روپئے کی سطح کو تجاوز کرکے 119.06 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 102 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔
روس-یوکرین جنگ کی وجہ سے خام تیل پیدا کرنے والے ممالک کی پیداوار میں کمی اور بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے 2022 میں ہندوستانی تیل کمپنیوں کا جمع شدہ نقصان بہت زیادہ ہو گیا ہے۔ موجودہ حالات میں یہ تیل کمپنیاں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرنے پر مجبور ہیں۔