Urdu News

پیٹرول 9.5 روپے اور ڈیزل 7 روپے فی لیٹر سستا، مرکز نے ایکسائز ڈیوٹی کم کی

پیٹرول 9.5 روپے اور ڈیزل 7 روپے فی لیٹر سستا، مرکز نے ایکسائز ڈیوٹی کم کی

اجولا اسکیم کے تحت ایل پی جی پر 200 روپے کی سبسڈی دینے کا اعلان

مرکزی حکومت نے مہنگائی سے راحت دینے کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر 8 روپے فی لیٹر ایکسائز ڈیوٹی کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ حکومت اجولا اسکیم کے تحت گھریلو کھانا پکانے والی گیس پر 200 روپے کی سبسڈی دے گی۔ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے ہفتہ کو ٹویٹ کرکے یہ جانکاری دی۔

نرملا سیتا رمن نے کہا کہ حکومت کے اس فیصلے سے پٹرول 9.5 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 7 روپے فی لیٹر سستا ہو جائے گا۔ سیتا رمن نے کہا کہ حکومت کے اس فیصلے سے سرکاری خزانے پر سالانہ تقریباً ایک لاکھ کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ، اجولا اسکیم کے تحت، حکومت 12 سلنڈر تک گھریلو کھانا پکانے والی گیس پر 200 روپے کی سبسڈی دے گی، جس پر سالانہ تقریباً 6100 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ اس کے علاوہ وزیر خزانہ نے تمام ریاستی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ وہVAT میں کمی کرکے عوام کو راحت دیں۔ انہوں نے خاص طور پر ان ریاستوں سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو کم کرنے کو کہا ہے جنہوں نے نومبر 2021 سےVAT میں کمی نہیں کی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ راجدھانی دہلی میں پٹرول 105.41 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 96.67 روپے فی لیٹر ہے۔ ملک کی مالیاتی راجدھانی ممبئی میں پٹرول کی قیمت 120.51 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 104.77 روپے فی لیٹر ہے۔ کولکاتہ میں پٹرول کی قیمت 115.12 روپے فی لیٹر ہے، جب کہ ڈیزل کی قیمت 99.83 روپے فی لیٹر ہے۔ اسی طرح چنئی میں پٹرول 110.85 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 100.94 روپے فی لیٹر مل رہا ہے۔ تاہم بین الاقوامی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ 111.22 ڈالر فی بیرل اور ڈبلیو ٹی آئی کروڈ 110.85 ڈالر فی بیرل پر برقرار ہے۔

Recommended