Urdu News

وزیر اعظم مودی اور پرچنڈ کی ملاقات میں تعلقات کو مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال

وزیر اعظم نریندر مودی اور نیپال کے وزیر اعظم پشپ کمل دہل پرچنڈ حیدرآباد ہاؤس میں تبادلۂ خیال کرتے ہوئے

دو طرفہ بات چیت کے لیے حیدرآباد ہاوس پہنچنے ‘پرچنڈ’ کا پی ایم مودی نے استقبال کیا

نیپالی وزیر اعظم پشپ کمل دہل نے راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا

نئی دہلی، یکم جون ( انڈیا نیرٹیو)

ہندوستان کے دورے پر آئے نیپال کے وزیر اعظم پشپ کمل دہل پرچنڈ نے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔دونوں رہنماوں کے درمیان حیدرآباد ہاوس میں دوطرفہ ملاقات ہوئی۔ پرچنڈ کا یہ دورہ ہندوستان اور نیپال کے درمیان قریبی اور منفرد تعلقات کو ایک نئی رفتار دے گا۔

بھارتی وزارت خارجہ نے پرچنڈ اور مودی کے درمیان ملاقات کی تصویر جاری کی ہے۔ تصویر میں وزیر اعظم مودی اور پرچنڈ ملاقات کے دوران کھل کر مسکراتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے ٹویٹ کیا” پی ایم مودی نے دوطرفہ بات چیت کے لئے حیدرآباد ہاوس پہنچے ‘پرچنڈ’ کا استقبال کیا ۔

دونوں وزرائے اعظم کے درمیان ہندوستان اور نیپال کے کثیر جہتی تعلقات کے تمام پہلووں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سے پہلے آج صبح نیپال کے وزیر اعظم پشپ کمل دہل ‘پرچنڈ’ نے نئی دہلی کے راج گھاٹ پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے راج گھاٹ کی وزیٹر بک میں یہ بھی لکھا، ”نیپال کے وزیر اعظم پشپ کمل دہل ‘پرچنڈ’ نے راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا“۔

نیپالی وزیر اعظم پرچنڈ 31 مئی سے 3 جون تک ہندوستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ یہ ان کا ہندوستان کا چوتھا دورہ ہے۔ نیپال کے وزیر اعظم پشپ کمل دہل ‘پرچنڈ’ بدھ کو نئی دہلی پہنچے۔ ہندوستان پہنچنے پر مرکزی وزیر میناکشی لیکھی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ پرچنڈ کا اپنے چار روزہ دورے کو مکمل کرنے کے بعد ہفتہ کو وطن واپسی کا پروگرام ہے۔

Recommended