Urdu News

وزیراعظم مودی نے اترپردیش کے اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ کی میٹنگ

وزیراعظم مودی نے اترپردیش کے اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ کی میٹنگ

نئی دہلی،17دسمبر(انڈیا نیرٹیو)

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو اترپردیش کے 40اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ میٹنگ کی۔ ناشتے کی میز پر وزیراعظم نے اراکین پارلیمنٹ سے ان کے پارلیمانی حلقوں کے مسائل اور مرکزی منصوبوں کے بارے میں گفتگو کی۔ ناشتے پر چرچا کے دوران پی ایم مودی نے ممبران پارلیمنٹ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے سینئرز کے تجربات سے سیکھیں تاکہ بہتر کام کریں۔ پی ایم مودی کے ساتھ آج ناشتے پر ہونے والی چرچا  میں اتر پردیش کے 40 لوک سبھا ممبران پارلیمنٹ موجود تھے۔ جب میٹنگ شروع ہوئی تو وزیر اعظم مودی نے سیاسی بات چیت کرنے سے انکار کر دیا اور ممبران پارلیمنٹ سے اپنے تجربات پر تبادلہ خیال کرنے کو کہا۔

دراصل وزیر اعظم نے ناشتے پر اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ اپنی بات چیت کو غیر سیاسی رکھا اور کہا کہ وہ آج انتخابات پر بات نہیں کریں گے۔ اتر پردیش کے ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ ناشتے پر چرچا میں وزیر اعظم نریندر مودی نے ممبران پارلیمنٹ سے کھیلوں کے مقابلوں میں ان کے تجربات کے بارے میں پوچھا۔ تمام ارکان پارلیمنٹ نے اپنے تجربات بیان کئے۔ وزیر اعظم نے کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد میں اراکین پارلیمنٹ کے تجربے کے بارے میں پوچھا اور کہا کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہنا چاہیے۔

اس کے ساتھ ہی پی ایم مودی نے آزادی کے امرت مہواتسو کے بارے میں بھی اراکین پارلیمنٹ سے بات چیت کی۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ ملک آزادی کے امرت مہواتسو کا جشن منا رہا ہے اور اس حوالے سے ملک بھر میں کئی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ پی ایم مودی کی اس چائے پر چرچا کے دوران ارکان پارلیمنٹ کی شرکت پر بھی بات ہوئی اور پی ایم مودی نے ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ ان پروگراموں کے انعقاد میں حصہ لیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی جب بھی ممبران پارلیمنٹ سے ملاقات کرتے ہیں تو وہ کئی ذاتی تجربات اور سجھاؤ بھی شیئر کرتے ہیں۔ آج کی میٹنگ میں بھی وزیراعظم نے ارکان پارلیمنٹ کو کچھ سجھاؤ بھی دئے۔ وزیراعظم نے مشورہ دیا کہ تمام ارکان پارلیمنٹ اپنے سینئرز کے ساتھ بیٹھیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب آپ اپنے سینئرز کے ساتھ بیٹھتے ہیں تو آپ کو ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے، ان کا تجربہ کام آتا ہے۔ اس لیے سینئرز کے ساتھ بیٹھ کر سیکھنا چاہیے۔ اس میٹنگ میں بی جے پی صدر جے پی نڈا، مرکزی وزیر پرہلاد جوشی اور بی جے پی کی قومی تنظیم کے جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش موجود تھے۔

Recommended