Urdu News

وزیراعظم نے لانچ کی 5جی سروس،بھارت کی مواصلاتی انقلاب میں ایک بڑی چھلانگ

وزیر اعظم نریندر مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز یہاں پرگتی میدان میں تقریباً 11:35 بجے 5جی سروس لانچ کی۔ اس کے ساتھ ہی بھارت مواصلاتی انقلاب میں ایک بڑی چھلانگ لگاتے ہوئے ٹیکنالوجی کے ایک نئے دور میں داخل ہوگیا۔ وزیر اعظم کے انڈیا موبائل کانگریس 2022 کے چھٹے ایڈیشن کے افتتاح پرہوئی اس لانچنگ سے تقریب گاہ تالیوں سے گونج اٹھی۔

اس سے قبل5جی پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے مرکزی ٹیلی کام وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ آج وزیر اعظم مودی بھارت میں 5جی سروس لانچ  کرنے والے  ہیں۔ آج کا دن ٹیلی کمیونیکیشن کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔ یہ ڈیجیٹل انڈیا کی بنیاد ہے۔ یہ ڈیجیٹل خدمات کو ہر شخص تک پہنچانے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5جی سروس تعلیم، صحت، زراعت، لاجسٹکس، بینکنگ جیسے کئی شعبوں میں بنیادی تبدیلیاں لائے گی اور نئے امکانات پیدا کرے گی۔ ڈیجیٹل صلاحیتوں کو درمیان میں رکھ کر اس کے چاروں طرف د نئی خدمات بنیں گی۔

وزیر اعظم مودی نے 5جی لانچ کرنے سے پہلے ایک نمائش کا معائنہ کیا۔ ریلائنس جیو کے چیئرمین آکاش امبانی نے وزیر اعظم کو 5 جی سروس کے بارے میں آگاہ کیا۔ گروپ کے سربراہ مکیش امبانی بھی وزیر اعظم کے ساتھ موجود تھے۔ انڈیا موبائل کانگریس 4 اکتوبر کو اختتام پذیر ہوگی۔ اس کا تھیم ”نیو ڈیجیٹل یونیورس“ ہے۔ اس کانفرنس میں کاروباری، اختراع کار اور سرکاری اہلکار ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو تیزی سے اپنانے اوراس کو پھیلانے سے پیدا ہونے والے منفرد مواقع پر غور کریں گے۔ وزیر اعظم مودی نے ہائی اسپیڈ موبائل انٹرنیٹ سہولت کے  افتتاح کے دوران دہلی کے دوارکا سیکٹر 25 میں میٹرو اسٹیشن کے  آئندہ اسٹیشن کی زیر زمین سرنگ سے 5جی خدمات کے کام کاج کا مظاہرہ بھی دیکھا۔

Recommended