Urdu News

پی ایم مودی 16 فروری کو’قومی آدی مہوتسو‘کاافتتاح کریں گے:ارجن منڈا

ارجن منڈا

وزیر اعظم جناب نریندر مودی 16 فروری کو میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم، نئی دہلی میں قومی آدی مہوتسو کا افتتاح کریں گے۔ اس بات کا اعلان آج نئی دہلی میں قبائلی امور کے مرکزی وزیر جناب ارجن منڈا نے ایک میڈیا بریفنگ میں کیا۔

اس موقع پر قبائلی امور کی وزیر مملکت محترمہ رینوکا سروتا بھی موجود تھیں۔  شری ارجن منڈا نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعظم کو ان مصنوعات کا ایک جائزہ دیا جائے گا جو مختلف اسٹالوں پر نمائش کے لیے ہوں گے اور وہ قبائلی برادریوں کے دستکاروں اور کاریگروں کے ساتھ مشغول ہوں گے۔

وزیر نے مزید کہا کہ قبائلی امور کی وزارت وزیر اعظم کے آتم  نربھر بھارت کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں قبائلی برادریوں کی مکمل شرکت اور شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

 انہوں نے یہ بھی کہا کہ قبائلی برادریوں کی طرف سے مصنوعات کی نامیاتی پیداوار پر زور گلوبل وارمنگ کے چیلنج سے نمٹنے میں بڑا کردار ادا کر سکتا ہے۔ مزید تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ ملک بھر میں منعقد کیے جانے والے آدی مہوتسو میں حصہ لینے کے لیے دور دراز علاقوں سے زیادہ سے زیادہ کاریگروں کو لانے کی کوشش کی گئی ہے جو کم معروف اور منفرد اشیاتیار کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آدی مہوتسو قبائلی مصنوعات کو قومی اور بین الاقوامی منڈیوں میں پہنچانے کا ایک بڑا پلیٹ فارم ہے۔ وزیر نے مزید کہا کہ ٹریفیڈقبائلی مصنوعات میں معیار اور عصری ڈیزائن کو یقینی بنانے کے لیے سرفہرست ڈیزائنرز کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔فیسٹیول میں 28 ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 1000 سے زیادہ قبائلی کاریگر اور فنکار حصہ لیں گے۔

Recommended