سماج اور اتر پردیش کے مفاد کو بھول گئی سماجوادی
وزیر اعظم نریندر مودی نے پوروانچل کی سرزمین کشی نگر سے اسمبلی انتخابات کا بگل بجا دیاہے۔ بین الاقوامی ہوائی اڈے کا افتتاح کرنے اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے اور افتتاح کرنے کے بہانے انہوں نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی فلاحی ترقیاتی اسکیموں کاجہاں ذکر کیا وہیں سابقہ حکومتوں خاص طور پر سماج وادی پارٹی کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے سماجوادی پارٹی (ایس پی) کو کنبہ پرورقرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انہوں گھربار کی بھلائی کے سوا کچھ نہیں کیا۔
بدھ کے روز برواں فارم پر منعقدہ جلسہ عام میں امڈرے ہجوم سے براہ راست خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بھوجپوری میں اپنیتقریر کا آغاز کیا۔ جلسہ عام میں آئے لوگوں کے مزاج کو سمجھتے ہوئے مودی نے ایس پی کو نشانے پر لیا۔ انہوں نے کہا کہ یوپی کے لوگ اچھی طرح جانتے ہیں کہ ان لوگوں کی شناخت سماجوادی کی نہیں بلکہ پریواروادی کی بن گئی ہے۔ اقتدار میں رہنے کے دوران ان لوگوں نے صرف اپنے خاندان کی بھلائی کی، معاشرے اور اتر پردیش کے مفاد کو بھول گئے۔ سابقہ اکھلیش حکومت کا نام لئے بغیر انہوں نے کہا کہ 2017 سے پہلے اتر پردیش میں جو حکومت تھی، اس نے مافیا کو کھلی چھوٹ دی تھی لیکن آج وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی حکمرانی میں یہاں مافیا معافی مانگتاپھر رہا ہے اورسب سے زیادہ درد بھی مافیا نوازوں کو ہورہا ہے۔ ان کا اشارہ سماجوادی کی جانب تھا۔
اپنے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے ایس پی کوہی نشانے پر رکھا۔ ایس پی کے علاوہ انہوں نے اپوزیشن کانگریس اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے لیے ایک لفظ بھی خرچ نہیں کیا۔ ایس پی پر ان کے براہ راست حملے کو کارکنوں اور حامیوں کے ہجوم کی طرف سے بھرپور حمایت مل رہی تھی۔ نتیجتًا وہ بھی پچھلی اکھلیش حکومت پر ایک کے بعد ایک الفاظ کے تیر چھوڑتے رہے۔
وزیر اعظم نے گھوٹالوں کے معاملے پر ایس پی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ سال 2017 میں حکومت میں رہنے والوں کو غریبوں کے درد کی کوئی پرواہ نہیں تھی اور ان کا دور حکومت گھوٹالوں اور جرائم سے بھرا ہوا تھا۔
مودی نے یوگی حکومت کی کھلے دل سے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جب قانون کی حکمرانی ہوتی ہے، مجرموں میں خوف ہوتا ہے، تب ترقیاتی اسکیموں کے فوائدبھی غریب، پسماندہ، استحصال شدہ، پسماندہ تک بہت تیزی سے پہنچتے ہیں۔ نئی سڑکیں، نئے ریل روٹ، نئے میڈیکل کالج، بجلی اور پانی سے متعلق انفراسٹرکچر کو تیز رفتار سے ترقی دی جاتی ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ کی پوری ٹیم اسے زمین پر اتارنے کا کام کررہی ہے۔