وزیراعظم جناب نریندر مودی 27 مئی 2022 کو صبح 10 بجے پرگتی میدان نئی دہلی میں ہندوستان کے سب سے بڑے ڈرون میلے بھارت ڈرون مہوتسو -2022 کا افتتاح کریں گے ۔
وزیراعظم کسان ڈرون پائلٹوں سے ملاقات اور گفتگو بھی کریں گے ، وہ کھلی فضا میں ڈرون کا مظاہرہ دیکھیں گے اور ڈرون کی نمائش کے مرکز میں اسٹارٹ اپس کے ساتھ گفتگو بھی کریں گے ۔
بھارت ڈرون مہوتسو -2022 ایک دوروزہ پروگرام ہے ، جسے 27 اور 28 مئی کو منعقد کیا جارہا ہے ۔ 1600 سے زیادہ مندوبین اس مہامیلے میں شرکت کرنے جارہے ہیں ، جن میں سرکاری افسران، غیر ملکی سفارتکار ، مسلح افواج، مرکزی مسلح پولیس فورس ، پی ایس یوز، پرائیویٹ کمپنیاں اور ڈرون اسٹارٹ اپس وغیرہ شامل ہیں ۔ اس نمائش میں 70سے زیادہ نمائش کنندگان ڈرون کے استعمال کے طور طریقوں کا مظاہرہ کریں گے ۔ اس مہوتسو میں ڈرون پائلٹ سرٹیفکیٹ ، مصنوعات کے آغاز ، پینل مذاکرات ، ہوابازی کے مظاہرے، ہندوستان میں بنے ڈرون ٹیکسی کے اولین نمونے کی نمائش وغیرہ کےلئے ورچوئل ایوارڈ بھی شامل ہوں گے ۔