Urdu News

وزیراعظم آج 20 اکتوبر کو اترپردیش کے دورے پر جائیں گے اور کشی نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے کا افتتاح کریں گے

کشی نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے کا افتتاح

 

 

نئی دہلی :19 ؍اکتوبر2021:

وزیراعظم جناب نریندر مودی  20 اکتوبر 2021 کو اتر پردیش کا دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم صبح 10 بجے کشی نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے کا افتتاح کریں گے۔ اس کے بعد ، تقریباً  11:30 بجے ،وہ مہاپری نروان مندر میں ابھی دھمّ  کے دن  کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم تقریبا دوپہر  1:15 بجے کشی نگر میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے لیے ایک عوامی تقریب میں شرکت کریں گے۔

کشی نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے کا افتتاح

کشی نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے کے افتتاح کے موقع پر کولمبو، سری لنکا کا ایک طیارہ ہوائی اڈے پر اترے گا۔ اس طیارہ میں سری لنکا کا ایک وفد  بھارت کے دورے پر آئے گا جس میں 100 سے زیادہ بودھ بھکشو اور اہم شخصیات شامل ہوں گی۔ اس وفد میں 12رکنی مقدس یادگاری نشان  دستہ بھی شامل ہوگا، جو نمائش کے لئے بدھ کے مقدس یادگاری نشان ساتھ لائیں گے۔ وفد میں سری   لنکا میں بودھ دھرم کے سبھی چار نکاتوں ( آرڈرز) یعنی اسگیریا ، امر پورہ، رامنیا، مالوٹّا کے انونایاک (ڈپٹی ہیڈ) کے ساتھ ساتھ کابینہ وزیر جناب نمل راج پکشے کی قیادت میں سری لنکاحکومت کے پانچ وزرا بھی شامل ہوں گے ۔

کشی نگر بین الاقوامی ہوائی اڈہ کی تعمیر  260 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے  کی گئی ہے ۔ یہ گھریلو اور بین الاقوامی  تیرتھ یاتریوں کو بھگوان بدھ کے مہاپری نروان  مقام پر جانے میں سہولت فراہم کرے گا۔یہ ہوائی اڈہ دنیا بھر کے بدھ  تیرتھ مقامات کو جوڑنے کی ایک کوشش ہے۔ یہ اترپردیش اور بہار کے آس پاس  کے اضلاع کو فضائی سفر کی سہولت فراہم کرے گا۔ایئرپورٹ کی تعمیر اس  خطے میں سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔

مہاپری نروان مندر میں ابھیدھمّ دیوس

وزیر اعظم مہاپرینروان مندر  جائیں گے، بھگوان بدھ کی مورتی کی ارچناکریں گے اور چیور پیش کریں گے اور  بودھی  درخت کا پودا لگائیں گے۔

وزیر اعظم ابھیدھمّ کے موقع پر منعقدہ پروگرام میں شرکت کریں گے۔ اس دن بودھ بھکشوؤں کے لیے تین مہینے کے رینی ریٹریٹ -ورشواس اور واسا کے اختتام کی علامت ہے۔ اس دوران وہ وہار اور مٹھ  میں ایک جگہ پر رہتے ہیں اور دعا کرتے ہیں۔ اس پروگرام میں سری لنکا ،  تھائی لینڈ ، میانمار ، جنوبی کوریا ، نیپال ، بھوٹان اور کمبوڈیا کے سرکردہ بھکشووں کے ساتھ ساتھ  مختلف ممالک کے سفرا بھی شرکت کریں گے۔

وزیر اعظم گجرات کے وڈنگر اور دیگر مقامات کی کھدائی سے حاصل اجنتا فریسکوس، بودھ  سوترا کیلی گرافی اور بودھ   نوادرات کی نمائش کو بھی دیکھیں گے۔

ترقیاتی پروجیکٹوں  کا افتتاح اور سنگ بنیاد

وزیر اعظم کشی نگر واقع بروا جنگل کی  ایک عوامی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ اس تقریب میں وہ 280 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے تعمیر ہونے والے راجکیہ میڈیکل کالج ، کشی نگر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ میڈیکل کالج میں 500 بستروں پر مشتمل اسپتال ہوگا اور تعلیمی سال 2023-2022 میں 100 طلباء کا ایم بی بی ایس کورس میں    داخلہ ہوگا ۔ وزیر اعظم 180 کروڑ روپئے سے زیادہ کی لاگت والے 12  ترقیاتی پروجیکٹوں  کا افتتاح اور سنگ بنیاد بھی  رکھیں گے۔

Recommended