Urdu News

دہلی کی ہوامیں زہر،ہوا کے معیارکا مجموعی انڈیکس میں خطرناک حد تک اضافہ

ہوا کے معیارکا مجموعی انڈیکس میں خطرناک حد تک اضافہ

دن بہ دن بڑھتی ہوئی آلودگی کی وجہ سے دہلی-این سی آر میں ہوا کے معیار کا انڈیکس ناقص زمرے سے انتہائی خراب زمرے میں چلا گیا ہے۔ لوگوں کا سانس لینا مشکل ہو رہا ہے۔ بدھ کو دہلی کی ہوا کے معیار کا مجموعی انڈیکس 354 ریکارڈ کیا گیا۔ وہیں منگل کی شام کو اے کیو آئی  424 ریکارڈ کیا گیا تھا۔

’سفر‘کے اعداد و شمار کے مطابق، دہلی ہوائی اڈے کے قریب پی ایم 2.5 کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 350 تھا، جب کہ نوئیڈا میں 406، گروگرام 346 ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین کے مطابق پنجاب اور ہریانہ میں پرالی جلانے کی وجہ سے آنے والے دنوں میں راجدھانی میں آلودگی کی سطح شدید زمرے میں رہنے کا امکان ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق آلودگی کے باعث لوگوں میں سانس لینے میں دشواری بڑھنے لگی ہے۔ یہ ہوا خاص طور پر دمہ کے مریضوں کے لیے خطرناک ہے۔ ڈاکٹر نریندر سینی نے بتایا کہ اسپتال پہنچنے والے 10 میں سے 5 مریضوں میں سانس کی تکلیف دیکھی جارہی ہے۔

آلودگی صحت پر بھی دو طرفہ اثرات مرتب کرے گی۔ اس میں پھیپھڑوں کا کمزور ہونا اور کینسر بھی شامل ہے۔ اس سے بچاؤ کا مشورہ دیتے ہوئے ڈاکٹر سینی نے کہا کہ آنے والے دنوں میں لوگوں کو گھر کے اندر رہ کر ورزش کرنی چاہیے۔ صبح کی سیر کو فی الوقت ملتوی کر دیا جائے۔ گھر سے نکلتے وقت N95 ماسک پہنیں۔

Recommended