سری نگر، 04جولائی (انڈیا نیرٹیو)
لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے واضح کیا ہے کہ جموں وکشمیر میں پہلے حد بندی اور اس کے بعد اسمبلی الیکشن ہوگا جب کہ ریاستی درجہ کی بحالی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملک کے وزیر داخلہ امت شاہ کی جانب سے کئے گئے وعدے کے عین مطابق موزوں وقت پر ہوگی۔ ایل جی نے سبھی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ حد بندی کمیشن کو ملیں اور اپنی آراء سامنے رکھیں۔
منوج سنہا نے ان افواہوں کو سختی کے ساتھ مسترد کردیا کہ حد بندی کا مقصد ہندو وزیر اعلیٰ اقتدار میں لانے اور جموں کا دبدبہ بڑھا نا ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ پاکستان کے ساتھ سفارتی سطح کی بات چیت جاری ہے اور اس کے حق میں بات کرنا کوئی جرم نہیں ہے۔
لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے ایک ٹیلی ویڑن چینل کے ساتھ انٹرویو کے دوران اس بات کا اعتراف کیا کہ جموں وکشمیر میں پہلے حد بندی اور اس کے بعد اسمبلی الیکشن ہوگا جبکہ ریاستی درجے کی بحالی موزون وقت پر ہوگی جس کیلئے ملک کے وزیر داخلہ امت شاہ نے پارلیمنٹ کے ایوان میں عوام کے ساتھ وعدہ کیا ہے جبکہ وزیرا عظم نریندر مودی نے بھی 15 اگست 2019 کی یوم آزادی تقریب پر لال قلعہ کی فصیل سے عوام کو اس کی یقین دہانی کرائی ہے۔
منوج سنہا نے حد بندی کمیشن کوشفاف اور آزادانہ طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا انتخابی کمیشن ایک خودمختار ادارہ ہے جس میں کسی بھی قسم کی کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہوتی ہے۔ انہوں نے سبھی سیاسی پارٹیوں سے اپیل کی کہ وہ 6 جولائی کو جموں وکشمیر کے دورے پر آرہی حدبندی کمیشن کی ٹیم کے ساتھ ملیں اور اپنی آراء پیش کریں۔
ایل جی کے مطابق حد بندی کا عمل بالکل شفاف ہوگا اور عوام اس کا بچشم خود بھی مشاہد ہ کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر میں 2026 سے قبل حد بندی الگ سے کرنے کی ضرورت اس کویونین ٹریٹری بنانے کی وجہ سے پڑی کیونکہ اس میں اب آبادی کا اضافہ بھی ہوا ہے۔
انہوں نے ان افواہوں کو سختی کے ساتھ مسترد کرتے ہوئے کہ حد بندی کا مقصد ہندو وزیر اعلیٰ کو بر سر اقتدار لانا اور کشمیر پر جموں کا دبدبہ قائم کرنا ہے۔ ایل جی منوج سنہا نے کہا کہ یہ بالکل ہی بے بنیاد اور من گھڑت قیا س آرائیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہمیشہ اپنا کام آئینی اور قانونی دائرے میں کرتا ہے اور جموں وکشمیر میں بھی یہی بالا دستی قائم رہے گی۔
اسمبلی الیکشن کا ذکر کرتے ہوئے منوج سنہا نے کہا کہ خود وزیر اعظم کی ذاتی دلچسپی بھی ہے کہ جموں وکشمیر میں عوامی حکومت جلد سے جلد تشکیل پائے اور اس سلسلے میں حدبندی کی تکمیل کی دیر ہے۔ منوج سنہا نے کہا کہ الیکشن صاف وشفاف اور آزادانہ ہوں گے اور اس کیلئے حفاظت کے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ یونین ٹریٹری میں حالیہ دنوں کے دوران تشدد کے کچھ واقعات رونما ہوئے جبکہ ڈرون حملوں نے بھی چلینج پیدا کئے ہیں لیکن اس کے باوجود حفاظتی دستوں کا ہی پلڑا بھاری ہے۔
ایل جی نے کہا کہ حالیہ دنوں کے دوران مطلوب ترین کمانڈروں سمیت کئی دہشت گردوں کو مار دیا گیا ہے جب کہ سرحدوں پر بھی صورتحال مکمل طور پر امن ہے۔ ایل جی کے مطابق اسمبلی الیکشن بھی ڈی ڈی سی الیکشن کی طرح بے خوف اور آزادانہ ماحول میں انجام پائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 25 برس میں پہلی بار ڈی ڈی سی کے الیکشن کئے گئے اور خون کا ایک قطرہ تک بھی نہیں بہا۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے حکمت عملی ترتیب دی جارہی ہے جبکہ ڈی آر ڈی او نے بھی اس حوالے سے ٹیکنالوجی پر کام کیا ہے۔ ایل جی کے مطابق سیکورٹی گرڈ کا آپس میں بہترین تال میل ہے اور اب در اندازی مکمل طور ختم ہوئی ہے جب کہ دہشت گردی میں نئی بھرتی پر بھی بڑی حد تک روک لگ گئی ہے۔وزیر اعظم کے ساتھ 24جون کو ہوئی کل جماعتی میٹنگ کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ایل جی نے کہا کہ یہ میٹنگ کامیاب رہی اور اس کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔