مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے آٹھویں اور آخری مرحلے کے لیے پولنگ جاری
مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے آٹھویں اور آخری مرحلے کے لیے پولنگ جاری ہے۔ پولنگ ، جو صبح سات بجے شروع ہوئی تھی، شام ساڑھے چھ بجے ختم ہوگی۔ اِس مرحلے میں چار اضلاع کی 35 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ 35 خواتین سمیت 283 امیدوار میدان میں ہیں۔ بی جے پی اور ترنمول کانگریس نے سبھی سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ سنیکت مورچے کے بینر تلے ، جو کانگریس ، لیفٹ اور انڈین سیکولر فرنٹ کا اتحاد ہے ، کانگریس 19 سیٹوں پر چناﺅلڑ رہی ہے۔ سی پی آئی ایم نے دس سیٹوں پر امیدوار کھڑے کئے ہیں جب کہ انڈین سیکولر فرنٹ کے چار امیدوار میدان میں ہیں۔
انتخابی کمیشن نے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے مرکزی فورسز کی 641کمپنیاں تعینات کی ہیں۔
کمیشن نے انتخابی عمل میں شفافیت اور بھروسہ مندی میں اضافے کے پیش نظر سبھی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ساتھ وی وی پیٹ کا استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
موجودہ کووڈ انیس وبا کے پیش نظر انتخابی کمیشن نے ایک پولنگ اسٹیشن پر پندرہ سو ووٹروں کی بجائے زیادہ سے زیادہ ایک ہزار ووٹروں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دی ہے۔ معذوری سے متاثرہ افراد اور 80 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے ساتھ ساتھ کووڈ انیس سے متاثرہ یا مشتبہ افراد کو بھی ڈاک سے ووٹ ڈالنے کی سہولت دستیاب کرائی گئی ہے۔ پولنگ اسٹیشنوں پر پینے کے پانی ، انتظار کرنے کے لئے سائبان اور معذوری سے متاثرہ افراد کیلئے روشنی اور ریمپ کے انتظامات کے علاوہ سینی ٹائزیشن بھی کیا گیا ہے۔
پولنگ کے عملے ، یا نیم طبی عملے یا آشا ورکر کے ذریعے داخلے کے مقام پر تمام ووٹروں کی تھرمل چیکنگ کی جارہی ہے۔اگر کسی شخص کا درجہ حرارت وزارت صحت کے ضابطوں سے زیادہ پایا جاتا ہے تو انہیں ایک الگ ٹوکن دیا جارہا ہے اور اُن سے کہا جارہا ہے کہ وہ آخری وقت میں آکر اپنا ووٹ ڈالیں۔اِس مرحلے کے اختتام کے ساتھ ہی ریاست میں اسمبلی انتخابات کا مرحلہ مکمل ہوجائے گا۔ ووٹوں کی گنتی دو مئی کو ہوگی۔