آسام میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں کل 47 سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ریاست کے اعلیٰ انتخابی افسرNitin Khade نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 23 خواتین سمیت 264 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ اعلیٰ انتخابی افسر نے کہا کہ ووٹنگ کے دوران کووڈ سے وابستہ ہر طرح کے احتیاطی اقدامات کئے جائیں گے۔
مغربی بنگال میں کل اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پانچ ضلعوں کے 30 اسمبلی حلقوں میں پولنگ ہوگی۔ ان ضلعوں میں مشرقی میدنی پور، مغربی میدنی پور، پُرولیا، جھارگرام اور بانکورا شامل ہیں۔ انتخابی کمیشن خوش اسلوبی کے ساتھ چناؤ کرانے کے لئے تیار ہے۔ چناؤ اہلکاروں کی ٹیمیں آج شام تک اپنے اپنے پولنگ مرکزوں پر پہنچ جائیں گی۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ انتخابات والے علاقوں میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
انتخابی کمیشن نے پولنگ کے لئے پُرامن اور بے خوف ہونے کا ماحول بنانے کی خاطر نیم فوجی دستوں کی بڑی نفری تعینات کی ہے۔ سیکورٹی اہلکار ریاست کی سرحدوں پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ نیم فوجی دستوں کے اہلکار مجسٹریٹ کی موجودگی میں ضلعے اور شہروں کی سرحدوں سے داخل ہونے والی موٹر گاڑیوں کی جانچ پڑتال کررہے ہیں۔
اِدھر بی جے پی، ترنمول کانگریس اور سنیُکت مورچے کے سرکردہ لیڈروں نے اب اپنی انتخابی مہم کا رخ اُن حلقوں کی طرف کرلیا ہے جہاں دوسرے اور تیسرے مرحلے میں پولنگ ہوگی۔