Urdu News

اقلیتوں کو قانونی سہولت اور مدد کے لیے قومی اقلیتی کمیشن نے بنایا پورٹل

@NCM_GoI

نئی دہلی،18جون(انڈیا نیرٹیو)

ملک کے دور دراز کے علاقوں میں رہنے والے اقلیتی طبقات کے لوگوں کو گھر بیٹھے قانونی سہولیات اور مدد مہیا کرانے کے لئے قومی اقلیتی کمیشن نے ایک پورٹل کی شروعات کی ہے۔ اس پورٹل کے ذریعہ سے اقلیتی فرقہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو گھر بیٹھے اپنی شکایت درج کرانے اور شکایت پر کی جانے والی کارروائی کو اپنے کمپیوٹر سیٹ یا موبائل پر دیکھنے کا بھی موقع دستیاب کرایا گیا ہے۔ کمیشن نے ملک کے چھوٹے چھوٹے گاوں، دیہات اور قصبوں وغیرہ میں رہنے والوں کی سہولت کو دھیان میں رکھتے ہوئے اس پورٹل کی شروعات کی ہے۔

قومی الیتی کمیشن کی تشکیل اقلیتی فرقہ کے مفاد کی حفاظت کرنے انہیں قانونی مدد اور سہولیات مہیا کرانے کے لیے کیا گیا ہے۔ اقلیتی فرقہ کے ساتھ ہونے والی تفریق کو روکنے کے لئے یا اقلیتوں پر ہونے والے کسی بھی طرح کے ظلم وغیرہ پر ریاستی حکومتوں کے ساتھ بات چیت کرکے اسے حل کرانے کا کام کمیشن کرتا ہے۔ اقلیتی کمیشن کا دفتر دہلی میں ہونے کی وجہ سے زیادہ تر شکایتیں وغیرہ خط کے ذریعہ سے کمیشن کو پہنچتی ہیں اور کمیشن بھی خط کے ذریعہ سے ہی اس کو حل کرنے کی کارروائی کرتا ہے۔ اس عمل میں کافی وقت لگ جاتا ہے اور لوگوں کو انصاف ملنے میں تاخیر ہوتی ہے۔ کمیشن نے ایسی تمام مشکلات کو دھیان میں رکھ کر لوگوں کو فوری انصاف دلانے کے لئے پورٹل کی شروعات کی ہے۔ اس پورٹل کو کمپیوٹر اور موبائل پر آسانی سے کھولا جاسکتا ہے۔ پورٹل پر شکایت کے ساتھ ساتھ متعلقہ کاغذات کو اپلوڈ کرنے کی بھی سہولت دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شکایت کنندہ کو کمیشن کے ذریعہ کی گئی کارروائی سے روشناس کرانے کی بھی پورٹل میں سہولت دی گئی ہے۔

شکایت کنندہ اپنی شکایت پر کی جانے والی کارروائی کو براہ راست پورٹل پر دیکھ بھی سکتا ہے اور ٹریس بھی کرسکتا ہے۔ قومی اقلیتی کمیشن کے نائب صدر عاطف رشید نے بتایا کہ اس پورٹل کے بننے سے کمیشن کا کام کاج پوری طرح سے شفاف اور کافی آسان ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لوگوں کی شکایتوں کاحل اس کے ذریعہ جلد سے جلد کیا جائے گا۔ ملک کے دور دراز کے علاقوں میں رہنے والے اقلیتوں کو کمیشن تک پہنچانے میں اب زیادہ وقت نہیں لگے گا بلکہ وہ چند منٹوں میں ہی اپنی شکایت کمیشن تک پہنچا سکتے ہیں اور کمیشن ان کی شکایت کو اسی کے ذریعہ سے متعلق افسروں کو بھیج کر ان سے جواب طلب کرسکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کمیشن کے اس پورٹل کے ذریعہ لوگوں کو انصاف ملنے میں اب زیادہ وقت کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا بلکہ انہیں جلد سے جلد انصاف دلانے کی کوشش کی جائے گی۔

Recommended