Urdu News

پرمبیر سنگھ غیر قانونی وصولی کیس میں تھانے پولیس کے سامنے پیش

پرمبیر سنگھ غیر قانونی وصولی کیس میں تھانے پولیس کے سامنے پیش

ممبئی، 26 نومبر (انڈیا نیرٹیو)

ممبئی پولیس کے سابق کمشنر پرمبیر سنگھ  غیر قانونی وصولی کے معاملے کی تحقیقات کے سلسلے میں جمعہ کو تھانے میں پولیس افسران کے سامنے پیش ہوئے۔ تفتیش کے بعد پرمبیر سنگھ آج چاندیوال کمیشن کے سامنے پیش ہوں گے۔  مفرور قرار دیئے جانے اور گرفتاری سے سپریم کورٹ کا تحفظ ملنے کے بعد جمعرات کو ممبئی پہنچے پرمبیر سنگھ     سے  ممبئی پولیس نے غیر قانونی وصولی کے ایک اور معاملے میں تقریباً سات گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔

پرمبیر سنگھ سمیت 29لوگوں پر کرکٹ سٹے باز ومل جالان نے رنگ داری وصولی کا الزام لگاتے ہوئے تھانے سٹی پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کروایا تھا۔ اس معاملے میں تھانے پولیس نے پرمبیر سنگھ کے خلاف لک آؤٹ سرکلر جاری کیا تھا۔کرکٹ بکی ومل جالان نے تھانے نگر پولیس اسٹیشن میں پرمبیر سنگھ سمیت 29 لوگوں کے خلاف جبری وصولی کا مقدمہ درج کرایا تھا۔ اس معاملے میں تھانے پولیس نے پرمبیر سنگھ کے خلاف لک آؤٹ سرکلر جاری کیا تھا۔ تھانے ڈسٹرکٹ کورٹ نے پرمبیر سنگھ کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ بھی جاری کیا تھا۔ اسی وجہ سے پرمبیر سنگھ آج اپنے وکیل کے ساتھ تھانے پولیس کے سامنے پیش ہوئے۔

تھانے پولس سے اس پوچھ گچھ کی تفصیلات نہیں مل سکیں، لیکن ذرائع نے بتایا کہ پرمبیر سنگھ صبح 10.30 بجے کے قریب اپنے وکیل کے ساتھ تھانے سٹی پولیس اسٹیشن پہنچے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولس اویناش امبورے تحقیقات کی نگرانی کے لیے پولیس اسٹیشن میں موجود تھے۔ پرمبیر سنگھ کے خلاف مہاراشٹر میں جبری وصولی کے پانچ مقدمات درج ہیں جن میں سے دو کیس تھانے میں درج ہیں۔ تھانے پولیس نے ان دونوں معاملات کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے۔

Recommended