وزیر اعظم مودی پرواسی بھارتیہ دیوس کانفرنس 2023 میں ہوئے شامل
وزیر اعظم مودی نے ہندوستان کو دنیا میں قیادتی کردار بنایا – وزیر اعلیٰ چوہان
بھوپال،9 جنوری (انڈیا نیرٹیو)
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ صدیوں سے دنیا ہندوستان کو جاننے کے لیے بے تاب ہے۔ ہندوستانی فلسفہ، ثقافت، ہماری زندگی کی اقدار، ہمارا عالمی نقطہ نظر، ہماری شاندار روایات اور آج کے دور میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی معیشت، سائنس، ٹیکنالوجی، تکنیک، دفاع اور خلائی سائنس سبھی منفرد ہیں اور دنیا کی توجہ کا مرکز ہیں۔ آج ہندوستان کی اپنی الگ آواز ہے، عالمی سطح پر اپنی الگ پہچان ہے، جو آنے والے وقتوں میں مزید مضبوط ہوگی۔
ہندوستان کے تئیں دنیا کا تجسس بڑھے گا۔ ہندوستان کے تئیں دنیا کے اس بڑھتے ہوئے تجسس کو پرسکون کرنا پرواسی بھارتیوں کی ایک اہم ذمہ داری ہے۔وہ ہندوستان کے ”سسٹینیبل فیوچر“ کے ماڈل کودنیا بھر میں فروغ دیں۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان نہ صرف دنیا کا علمی مرکز ہے بلکہ اس میں دنیا کا ہنر مندانہ سرمایہ بننے کی صلاحیت موجود ہے۔ ہندوستان دنیا کی ترقی کا انجن بن سکتا ہے۔ دنیا میں پرواسی بھارتیہ، میک ان انڈیا، یوگا، آیوروید، کاٹیج انڈسٹری، دستکاری، موٹے اناج کو فروغ دینے میں اپنا انمول تعاون دیں۔
وزیر اعظم مودی نے آج اندور کے بریلیئنٹ کنونشن سینٹر میں 17ویں پرواسی بھارتیہ دیوس کانفرنس کا باضابطہ افتتاح کیا۔ وزیر اعظم مودی نے تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد عرفان علی، گیانا کے صدر اور مہمان ذی وقار سرینام کے صدر چندریکا پرساد سنتوکھی کا خیرمقدم کیا۔