Urdu News

بھارت کے صدر جمہوریہ نے پانچویں بین الاقوامی امبیڈکر اجتماع کی افتتاحی تقریب کو رونق بخشی

بھارت کے صدر جمہوریہ جناب رام ناتھ کووند

 

نئی دہلی 2؍ دسمبر 2021

بھارت کے صدر جمہوریہ جناب رام ناتھ کووند نے آج(2دسمبر 2021) پانچویں بین الاقوامی امبیڈکر اجلاس کا افتتاح کیا۔ اس اجلاس کا اہتمام درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے قانون سازوں اور پارلیمانوں اور ڈاکٹر امبیڈکر چیمبرس آف کامرس کے فورم کے ذریعہ کیاگیا ہے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے اس اہم اجتماع کے انعقاد کے لئے درج فہرست ذاتوں ایس سی اور درج فہرست قبائل ایس ٹی کے قانون سازوں اور ارکان پارلیمنٹ کے فورم کی ستائش کی۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ یہ فورم، سماجی اور اقتصادی انصاف سے متعلق امور کو مسلسل اجاگر کررہا ہے اور ڈاکٹر امبیڈکر کے خیالات ونظریات کو پھیلانے اور عام کرنے میں ایک اہم کردار ادا کررہا ہے۔ انہیں اس بات کو نمایاں کرنے میں خوشی ہوئی کہ اس اجلاس میں تعلیم، صنعت کاری، جدت طرازی اور اقتصادی ترقی کے ساتھ ساتھ آئینی حقوق سے متعلق امور پر بھی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ بابا صاحب امبیڈکر، معاشرے کے اخلاقی ضمیر کو بیدار کرنے کے حق میں تھے۔ وہ کہا کرتے تھے کہ حقوق کا تحفظ محض قانون کے ذریعہ نہیں کیا جاسکتا بلکہ اس کے لئے معاشرے میں اخلاقی اور سماجی ضمیر کا ہونا بھی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے اس کے لئے عدم تشدد اور آئینی ذرائع پر ہمیشہ زور دیا تھا۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہمارے آئین میں، درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے تحفظ کی غرض سے متعدد تجاویز کو شامل کیاگیا ہے۔ آئین کی دفعہ 46 کے تحت ہدایت کی گئی ہے کہ ملک کو درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے اقتصادی اور تعلیمی مفادات کا خاص خیال رکھتے ہوئے انہیں مستحکم بنانا چاہئے۔ اس کے ساتھ ساتھ اسی دفعہ میں مملکت کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انہیں سماجی ناانصافی اور ہر قسم کے استحصال سےتحفظ فراہم کرے اور رہنما خطوط کو مؤثر بنانے کی خاطر بہت سے ادارے قائم کئے گئے ہیں اور طریق کار وضع کئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں خاطر خواہ بہتری ہوئی ہے، لیکن ہمارےملک اور سماج کو اب بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ محروم طبقات کے بہت سےلوگ اپنے حقوق اور اپنی فلاح وبہبود کے لئے حکومت کی پہل قدمیوں سے واقف نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی یہ بھی ذمہ داری ہے کہ وہ درج فہرست ذاتوں اور قبائل کے ان افراد کو آگے لے کر جائیں جنہیں انہوں نے ترقی کے سفر میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔اس طریقے سے وہ ڈاکٹر امبیڈکر کو اپنی سچی خراج عقیدت پیش کرسکتے ہیں۔

Recommended