Urdu News

وزیر اعظم مودی نے نیپال کے وزیر اعظم دیوبا سے گلاسگو میں ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے ملکی مفاد پر تبادلۂ خیال کیا

وزیر اعظم مودی نے نیپال کے وزیر اعظم دیوبا سے گلاسگو میں ملاقات کی

وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز گلاسگو میں موسمیاتی تبدیلی پر کوپ-26 کانفرنس کیحاشیے پر نیپال کے وزیر اعظم شیر بہادر دیوبا سے ملاقات کی۔ جولائی میں دیوبا کے وزیر اعظم بننے کے بعد دونوں رہنماوں کے درمیان یہ پہلی ملاقات تھی۔

وزارت خارجہ کے مطابق، دونوں رہنماوں نے کووڈ-19 سے نمٹنے کی کوششوں سمیت باہمی تعاون کو تیز کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماوں نے اس بات پر زور دیا کہ کووڈ کی وبا کے دوران ہندوستان-نیپال کے درمیان تعاون بہترین رہا ہے۔ ہندوستان کی جانب سے نیپال کوویکسین، ادویات اور طبی آلات فراہم کیے گئے اور دونوں ممالک کے درمیان سامان کی آزادانہ نقل و حرکت برقرار رہی۔ دونوں ممالک نے وبائی مرض کے بعد کی ریکوری میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

اس کے علاوہ وزیر اعظم مودی نے اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ اور یوکرین کے صدر ولوڈیمیر زیلنسکی سے بھی ملاقات کی۔ وزیر اعظم کے دفتر کے ایک ٹویٹ کے مطابق، بینیٹ اور مودی نے شہریوں کے فائدے کے لیے تعاون کی مختلف امور کو مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔وہیں زیلنسکی سے وزیر اعظم مودی کے ساتھ میٹنگ کے دوران تجارت، ثقافت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے متفقہ دو طرفہ تعلقات کے وسیع امور کا جائزہ لیا گیا۔

اسی دوران وزیر اعظم نے مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے ساتھ پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے کے طریقوں اور موسمیاتی تبدیلیوں کو کم کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے امریکی صدر جو بائیڈن اور یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیئن کے بلڈ بیک بیٹر ورلڈ (بی ڈبلیو) پہل میں بھی شرکت کی۔

Recommended