Urdu News

ایس سی او میٹنگ میں دہشت گردی پر ہوسکتی ہے وزیر اعظم مودی کی بات، عمران خان بھی رہیں گے موجود

وزیراعظم نریندر مودی

نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی آئندہ جمعہ کے روز شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کے رکن ممالک کے سربراہوں کی چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ تاجکستان کے دارالحکومت دوشانبے میں یہ کانفرنس ورچول ڈھنگ سے منعقد کی جائے گی ۔ کانفرنس کی صدارت تاجکستان کے صدرامام علی رحمان کریں گے۔ ہندوستانی وفد کی قیادت وزیراعظم مودی ویڈیو لنک کے ذریعہ سے کریں گے اور کانفرنس کی اہم نشست سے خطاب کریں گے ۔ وزیرخارجہ ایس جے شنکر، دوشانبے میں موجودرہیں گے۔

افغانستان میں طالبان کے قبضہ کے بعد ایس سی او کی میٹنگ کافی اہم ہوگئی ہے ۔ اس میٹنگ میں وزیر اعظم مودی دہشت گردی پر ہندوستان کی تشویش کو ممکنہ طور پر سامنے رکھیں گے ۔ غور کرنے والی بات یہ کہ جب وزیر اعظم مودی اپنی بات ایس سی او کے پلیٹ فارم پر رکھیں گے تب پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان بھی میٹنگ میں موجود رہیں گے ۔ ایسے میں افغانستان میں تبدیلی کے حوالہ سے بالواسطہ طور پر وزیر اعظم مودی پاکستان کو بے نقاب کرسکتے ہیں ۔

ایس سی او کے چوٹی کانفرنس میں رکن ممالک اور مشاہد (آبزرور) ممالک کے رہنما، ایس سی او کے سکریٹری جنرل، ایس سی او میں علاقائی انسداد دہشت گردی کے نظام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ترکمانستان کے صدرقربان قلی بردی محمدوف اور دیگر مہمان موجود ہوں گے ۔

پہلی بار ایس سی او چوٹی کانفرنس ورچول ذریعہ سے منعقد کی جا رہی ہے۔ ہندوستان مکمل رکن کی حیثیت سے چوتھی بار اس کانفرنس میں حصہ لے گا۔ ایس سی او کی بیسویں سالگرہ کے موقع پر اس کانفرنس میں تنظیم کی دو دہائی کی حصولیابیوں اور سرگرمیوں کا جائزہ لیا جائے گا اور مستقبل میں تعاون کے پہلو پر غور و خوض کیا جائے گا ۔ علاقائی اور عالمی اہمیت کے اسٹریٹکجک مسائل پر بھی مذاکرہ ہونے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ ایس سی او میں ہندوستان سمیت کل آٹھ اراکین ہیں ۔ ہندوستان کے علاوہ چین ، روس ، پاکستان ، تاجکستان ، قزاقستان ، ازبکستان ، کرغزستان اس کے اراکین ہیں ۔ جبکہ افغانستان کے علاوہ ایران ، بیلاروس اور منگولیا کو مشاہد ممالک کا درجہ حاصل ہے ۔ ایس سی او کے آٹھ اراکین ممالک میں سے پانچ ایسے ہیں ، جن کی سرحد افغانستان سے ملتی ہے ۔

Recommended