وزیراعظم نریندر مودی نے ملک میں میڈیکل آکسیجن سپلائی کا جائزہ لیا
وزیراعظم نریندر مودی نے ملک میں میڈیکل آکسیجن کی وافر سپلائی کو یقینی بنانے کے لیے تفصیلی جائزہ لیا۔ جناب مودی نے زور دے کر کہا ہے کہ وزارتوں اور ریاستی سرکاروں کے درمیان تال میل کو یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ آکسیجن کی وافر دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔ اُنھوں نے بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے لیے میڈیکل آکسیجن کی تیاری میں اضافہ کئے جانے کی ہدایت دی ہے۔
وزیراعظم نے میڈیکل آکسیجن کی سپلائی کی موجودہ صورت حال اور اُن 12 ریاستوں میں اس کی مانگ کے تخمینے کا تفصیلی جائزہ لیا جہاں کورونا وائرس کے معاملات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ اِن ریاستوں میں ضلع سطح کی صورت حال کا ایک جائزہ اُنھیں پیش کیا گیا۔
اُنھیں مطلع کیا گیا کہ مرکز اور ریاستیں لگاتار رابطے میں ہیں۔ اُنھیں یہ بھی بتایا گیا کہ اِن 12 ریاستوں کو اِس مہینے کی 20 تاریخ تک اُن کی ضرورتوں کے تخمینہ کو پورا کرنے کے لیے چار ہزار 880 میٹرک ٹن میڈیکل آکسیجن مختص کی گئی ہے۔ اِس کے علاوہ پانچ ہزار 619 میٹرک ٹن میڈیکل آکسیجن 25 اپریل تک کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے اور چھ ہزار 593 میٹرک ٹن اس مہینے کی 30 اپریل تک کی مانگ کو پورا کرنے کے لیے مختص کی گئی ہیں۔وزیراعظم نے بتایاکہ اسٹیل پلانٹوں کے پاس موجود آکسیجن کے اضافی اسٹاک طبی استعمال کے لیے دی جارہی ہے۔
جناب مودی نے حکام کو مشورہ دیا کہ وہ ملک بھر میں آکسیجن لانے لے جانے والے ٹینکروں کی بلا رکاوٹ نقل و حمل کو یقینی بنائیں۔ سرکار صنعتی سیلینڈروں کو صفائی کے بعد طبی آکسیجن کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت دے رہی ہے۔ وزیراعظم کو طبی گریڈ آکسیجن کی درآمد کی کوششوں کے بارے میں بھی بتایا گیا۔