Urdu News

وزیر اعظم نے پوروانچل ایکسپریس وے کا افتتاح کیا

پوروانچل ایکسپریس وے

 

 

نئی دہلی،  16/نومبر 2021 ۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج یہاں پوروانچل ایکسپرے وے کا افتتاح کیا۔ انھوں نے سلطان پور ضلع میں ایکسپریس وے پر بنائی گئی 3.2 کلومیٹر طویل ہوائی پٹی پر منعقدہ ایئرشو کا بھی معائنہ کیا۔

اس موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ تین سال قبل پوروانچل ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھتے وقت انھوں نے تصور بھی نہیں کیا تھا کہ ایک دن وہ اسی ایکسپریس وے پر براہ راست لینڈ بھی کریں گے۔ انھوں نے کہا ’’یہ ایکسپریس وے تیز رفتار سے بہتر مستقبل کی جانب لے جائے گا، یہ ایکسپریس وے اترپردیش کی ترقی کے لئے ہے، یہ ایکسپریس وے ایک نئے اترپردیش کی تعمیر کے لئے ہے، یہ ایکسپریس وے اترپردیش میں جدید سہولتوں کی علامت ہے، یہ ایکسپریس وے اترپردیش میں عزائم کی تکمیل کا ایک ثبوت ہے اور یہ اترپردیش کا فخر اور اپنے آپ میں حیرت انگیز بھی ہے۔‘‘

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کی جامع ترقی کے لئے، ملک کی متوازن ترقی بھی اتنی ہی ضروری ہے۔ کچھ علاقے ترقی میں آگے بڑھتے ہیں تو کچھ علاقے دہائیوں پیچھے چھوٹے جاتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ نابرابری کسی بھی ملک کے لئے اچھی نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کے مشرقی حصے اور شمال مشرقی ریاستوں میں ترقی کے اتنے امکانات ہونے کے باوجود ملک میں ہورہی ترقی سے زیادہ فائدہ نہیں ہوا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پہلے کی حکومتیں جس طرح سے طویل عرصے تک چلیں، انھوں نے اترپردیش کی جامع ترقی پر توجہ نہیں دی۔ انھوں نے خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مشرقی اترپردیش میں آج ترقی کا ایک نیا باب رقم کیا جارہا ہے۔

وزیر اعظم نے پوروانچل ایکسپریس وے کی تکمیل ہونے پر اترپردیش کے وزیر اعلیٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ، ان کی ٹیم اور اترپردیش کے لوگوں کی ستائش کی۔ انھوں نے ان کسانوں کو بھی مبارک باد دی جن کی زمین کا اس میں استعمال کیا گیا ہے۔ انھوں نے اس پروجیکٹ میں شامل مزدوروں اور انجینئروں کی بھی ستائش کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کی حفاظت اتنی ہی اہم ہے جتنی ملک کی خوش حالی۔ انھوں نے کہا کہ پوروانچل ایکسپریس وے کی تعمیر کرتے وقت اس بات کو بھی پیش نظر رکھتے ہوئے جنگی طیاروں کی ہنگامی ہینڈنگ کا نظم کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان طیاروں کی گھن گرج ان لوگوں کے لئے ہوگی جنھوں نے دہائیوں تک ملک میں دفاع سے متعلق بنیادی ڈھانچے کی اَن دیکھی کی۔

Recommended