نئی دہلی، 21 مارچ ( انڈیا نیرٹیو)
بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان سمبت پاترا نے منگل کو کانگریس لیڈر راہل گاندھی کا میر جعفر سے موازنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ راہل کو بیرون ملک ہندوستانی جمہوریت کی توہین پر معافی مانگنی ہوگی۔
بی جے پی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں پاترا نے کانگریس کے سابق صدر پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کہہ رہے ہیں کہ وہ معافی نہیں مانگیں گے۔ میں انہیں یاد دلانا چاہتا ہوں کہ رافیل مدعے پر انہوں نے 2019 میں سپریم کورٹ میں معافی مانگی تھی۔ راہل گاندھی کو اس بار بھی معافی مانگنی پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح میر جعفر نے ایسٹ انڈیا کمپنی کو نواب بننے میں مدد کی تھی، اسی طرح راہل گاندھی لندن میں بیان دے کر انگریزوں سے مدد مانگ رہے ہیں۔ راہل گاندھی کے اس الزام کا جواب دیتے ہوئے کہ انہیں پارلیمنٹ میں بولنے نہیںدیا جاتا ہے، پاترا نے کہا کہ راہل گاندھی خود ایوان کی کارروائی میں صحیح طریقے سے حصہ نہیں لے رہے ہیں۔ راہل گاندھی کی حاضری صرف 52 فیصد ہے۔ انہوں نے چھ مباحثوں میں حصہ لیا اور 52 سوالات پوچھے ہیں۔ یہ قومی اوسط اورجس ریاست کیرالہ سے وہ آتے ہیں، کی اوسط سے بہت کم ہے ۔