Urdu News

راہل گاندھی کی ای ڈی کے سامنے پیشی آج، کانگریس احتجاجی مارچ کی تیاری میں، کئی کارکنان حراست میں

کانگریس لیڈر راہل گاندھی

نئی دہلی، 13 جون (انڈیا نیرٹیو)

مشہور نیشنل ہیرالڈ معاملے میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سامنے آج پیشی ہونی ہے۔ امکان ہے کہ راہل تقریباً 9:30 بجے ای ڈی کے دفتر پہنچیں گے۔ کانگریس اسے مدعہ بنا کر ایک بڑی سیاسی لڑائی میں تبدیل کرنے کی کوشش میں ہے۔ کانگریس نے اپنے ہیڈکوارٹر سے ای ڈی ہیڈکوارٹر تک احتجاجی مارچ نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ دہلی پولیس نے لاء  اینڈ آرڈر کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس کو اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ اس دوران کانگریس ہیڈکوارٹر جانے والے کچھ کانگریس کارکنوں کو دہلی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

دہلی پولیس نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں۔ کانگریس ہیڈکوارٹر اور ای ڈی ہیڈکوارٹر کے ارد گرد تمام سڑکوں پر ربیریکیڈنگ لگا کر گاڑیوں کی جانچ کی جارہی ہے۔ بسوں کو نہیں روکا جا رہا ہے اور نہ ہی گول پوسٹ آفس کے آس پاس سے گزرنے دیا جا رہا ہے۔ دہلی پولیس نے کانگریس ہیڈکوارٹر کی طرف جانے والے تمام راستے بند کر دیے ہیں۔

کانگریس ہائی کمان نے اپنے ارکان پارلیمنٹ اور کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کے ارکان سے احتجاجی مارچ میں شامل ہونے کو کہا ہے۔ کانگریس کی حکومت والی دونوں ریاستوں راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت اور چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل بھی اس شکتی پردرشن (طاقت کے مظاہرے) میں حصہ لیں گے۔ بگھیل کچھ دیر پہلے دہلی پہنچے ہیں۔

کانگریس کے سینئر لیڈروں نے کہا کہ پارٹی کی ریاستی اکائیوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ ای ڈی کی کارروائی کے خلاف احتجاج کریں۔ اس کے ساتھ ہی ملک بھر میں ای ڈی کے تقریباً 25 دفاتر میں مظاہرے کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ ای ڈی نے نیشنل ہیرالڈ کیس میں منی لانڈرنگ کی جانچ کے سلسلے میں اپریل میں نئی دہلی میں کانگریس کے سینئر لیڈر ملکارجن کھرگے اور کانگریس کے خزانچی پون بنسل سے بھی پوچھ تاچھ کی تھی۔

ای ڈی نے جمعہ کو سونیا گاندھی کو نیا سمن جاری کرکے نیشنل ہیرالڈ منی لانڈرنگ معاملے میں پوچھ تاچھ کے لیے 23 جون کو حاضر ہونے کو کہا ہے۔

Recommended