راج ناتھ سنگھ نے بحریہ کے پروجیکٹ 'سی برڈ' کا فضائی سروے کیا
نئی دہلی ، 25جون (انڈیا نیرٹیو)
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ دو روزہ دورے پر جمعرات کو کیرالہ کے کوچی اور کرناٹک میں کاروار بحری اڈے پر پہنچے۔ انہوں نے کاروار میں بحریہ کے اہم پروجیکٹ 'سی برڈ' کے تحت ہونے والے ترقیاتی کاموں کے بارے میں عہدیداروں سے معلومات حاصل کیں۔انہوں نے کاروار میں جاری بنیادی ڈھانچے سے متعلق ترقیاتی کاموں میں پیش رفت اور کوچی میں تیار کئے جا رہے دیسی ایئرکرافٹ کیریئر (آئی اے سی) کا بھی جائزہ لیا۔ اس کے بعد وزیر دفاع نے بحریہ کے سربراہ ایڈمرل کرمبیر سنگھ کے ساتھ کاروار میں 'پروجیکٹ سی برڈ' کا فضائی سروے کیا۔
وزیر دفاع کا یہ دو روزہ دورہ طیارہ بردار بحری جہاز کے سمندری تجربات میں ہو رہی تاخیر کی وجہ سے کیا جا رہا ہے۔ اس جہاز کا رواں سال کے پہلے چھ مہینوں میں سمندر میں تجربہ کیا جانا تھا ، لیکن یہ فیصلہ کورونا وبا کی دوسری لہر کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا تھا۔
سی برڈ بحریہ کا سب سے بڑا انفراسٹرکچر پروجیکٹ ہے ج کے تحت بھارت کے مغربی ساحل پر کاروار میں بحری اڈہ تعمیر کیا جانا ہے۔ 3 بلین ڈالر کا یہ منصوبہ بحریہ کو مغربی ساحل پر اپنا سب سے بڑا بحری اڈہ اور سوئز نہر کے مشرق میں سب سے بڑا بحری اڈہ فراہم کرے گا۔