وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 26 اپریل 2022 کو نئی دہلی میں ترنگا ماؤنٹین ریسکیو(ٹی ایم آر) کی ایک ٹیم کے ساتھ بات چیت کی۔ ٹی ایم آر ، جس کی بنیاد جناب ہیمنت سچدیو نے رکھی تھی، 2016 سے ہندوستانی فوج سے وابستہ ایک غیر منفعتی تنظیم ہے۔ یہ تنظیم برفانی تودے سے بچاؤ کے مستند اور زبردست حوصلہ مند ماہرین پر مشتمل متعدد ٹیمیں فراہم کرتی ہے، جنہیں سردیوں کے موسم میں برف سے ڈھکے ہوئے اور دشوار گزار علاقوں میں تعینات کیا جاتا ہیں۔ ان ٹیموں نے برفانی تودے سے بچاؤ اور کوہ پیمائی میں ہندوستانی فوج کے اہلکاروں کو تربیت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
تقریب کے دوران جناب راج ناتھ سنگھ کو ٹی ایم آر کی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیر دفاع نے مسلح افواج کے اہلکاروں کی جانیں برفانی تودہ گرنے جیسے خطرات سے بچانے کے علاوہ بیداری پیدا کرنے اور انہیں تربیت دینے کے لیے ٹی ایم آر کی ستائش کی۔ انہوں نے ٹی ایم آر کو ان فوجیوں کے لیے طاقت کا ذریعہ قرار دیا جو مخدوش ترین علاقوں میں تعینات ہیں اور برفانی تودے جیسے مختلف خطرات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے اس حقیقت کا بھی اعتراف کیا کہ جہاں ٹی ایم آر تعینات ہے وہاں فوج کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ وزیر دفاع نے زور دے کر کہا کہ ٹی ایم آر کے کندھوں پر ایک بڑی ذمہ داری ہے کیونکہ آنے والے وقتوں میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے برفانی تودے کے گرنے کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔
وزیر دفاع نے ٹی ایم آر کے ذریعہ کئے جارہے کام کو حکومت اور سول سوسائٹی کے درمیان شراکت داری کی ایک روشن مثال قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک قوم ترقی کی راہ پر تبھی آگے بڑھتی ہے جب حکومت اور سول سوسائٹی مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور سول سوسائٹی وہ پہیے ہیں جن پر چل کر ملک ہمہ جہت پائیدار ترقی کا ہدف حاصل کر سکتا ہے۔
اس موقع پر وائس چیف آف آرمی اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل منوج پانڈے، ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز لیفٹیننٹ جنرل بی ایس راجو اور دیگر اعلیٰ فوجی حکام موجود تھے۔