Urdu News

وزیردفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے ڈی آر ڈی اور کی تیار کردہ کووڈمدافعتی دوا کی پہلی کھیپ لانچ کی

وزیردفاع جناب راج ناتھ سنگھ کے ذریعہ 17 مئی 2021 کو نئی دہلی میں کووڈ کے لئے مددگار تھیراپی اینٹی کووڈ دوا 2- ڈی آکسی - ڈی - گلوکوز (2-ڈی جی) کا پہلا بیچ جاری کیا اور اسے صحت اور خاندانی بہبود ، سائنس اور ٹکنالوجی اور ارتھ سائنسز کے وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن کو سونپا

 

 

نئی دہلی، 17 مئی  .2021

وزیردفاع جناب راج ناتھ سنگھ کے ذریعہ 17 مئی 2021 کو نئی دہلی میں کووڈ کے لئے مددگار تھیراپی اینٹی کووڈ دوا  2- ڈی   آکسی – ڈی – گلوکوز  (2-ڈی جی) کا پہلا بیچ جاری کیا  اور اسے صحت اور خاندانی بہبود ، سائنس اور ٹکنالوجی اور ارتھ سائنسز کے وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن کو سونپا  ۔ اس دوا کے پاوچ سے بھرا ایک ایک ڈبہ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کے ڈائرکٹر ڈاکٹر رندیپ گلیریا اور آرمڈ فورسز میڈیکل سروسز (اے ایف ایم ایس) کے لیفٹننٹ جنرل سنیل کانت کو بھی سونپا گیا۔ اس دوا کے اور ڈبے ملک بھر کے مختلف اسپتالوں کو ایمرجنسی استعمال کے لئے سونپے جائیں گے۔ انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلر میڈیسین اینڈ الائیڈ سائنسز (آئی این ایم اے  ایس) جو کہ دفاعی تحقیق و ترقی کی تنظیم ( ڈی آر ڈی او) کی ایک لیب ہے، کے ذریعہ ڈاکٹر ریڈیز لیباریٹریز (ڈی آر ایل) حیدرآباد کے ساتھ مل کر کووڈ -19مدفعاتی دوا  2- ڈی   آکسی – ڈی – گلوکوز  (2-ڈی جی)  کا ایک تھیراپیٹک ایپلیکیشن تیار کیا گیا ہے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع نے ڈی آر ڈی او اور ڈی آر ایل ، حیدرآباد کو اس دوا کے فروغ کے لئے مبارکباد دی  جو کووڈ مریضوں کے آکسیجن پر انحصار کم کرنے اور انہیں جلد ٹھیک ہونے میں مدد کرے گی۔ انہوں نے اس دوا کو ملک کی سائنسی مہارت کی ایک مثال اورخود انحصاری کی سمت میں ایک سنگ میل قرار دیا ۔ جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ‘‘ 2- ڈی    جی دوا  اس چیلنجنگ وقت میں امید کی ایک نئی کرن ہے۔’’

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ دوا کووڈ -19 کے خلاف لڑائی جیتنے میں اہم کردار نبھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس چیلنجنگ وقت میں ملک کی مدد کرنے کے لئے اس دوا کے فروغ اور پیداوار پبلک پرائیویٹ شعبے کی شراکت داری کی ایک شاندار مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب حالات بہتر ہوں گے ، تو وہ ذاتی طور پر اس دوا کے فروغ میں اہم کردار نبھانے والے سبھی سائنس دانوں کو اعزاز سے نوازنا چاہیں گے کیونکہ وہ اس کامیابی کے لئے اس کے حقدار ہیں۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے زور دے کر کہا کہ وزیراعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت لگاتار صورتحال کی نگرانی کررہی ہے اور متعلقہ وزارتوں / محکموں کی اجتماعی کوششوں سے ملک بھرکے اسپتالوں میں آکسیجن کی سپلائی ، دواؤں اور آئی سی یو بیڈ کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے موثر قدم اٹھائے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں آکسیجن کی سپلائی مئی کے اوائل میں تقریباً 4700 میٹرک ٹن سے بڑھ کر 9500 میٹرک ٹن (ایم ٹی) یومیہ ہوگئی ہے۔

وزیر دفاع نے دہلی، احمدآباد، لکھنؤ، وارانسی اور گاندھی نگر میں آئی سی یو ، آکسیجن اور وینٹی لیٹر سے لیس کووڈ اسپتالوں کی تعمیر کے علاوہ ، پی ایم کیئرس فنڈ کے تحت ملک بھر کے مختلف اسپتالوں میں میڈیکل آکسیجن پلانٹ قائم کرنے کے لئے ڈی آر ڈی او کی تعریف کی۔ ہلدوانی ، رشیکیش ،جموں اور سری نگر میں اسی طرح کے اسپتال قائم کرنے کا کام جاری ہے۔ انہوں نے اے ایف ایم ایس کے ریٹائرڈ ڈاکٹروں کے جنون کی بھی تعریف کی، جنہوں نے ملک کی آواز پر ضرورت مندوں کو طبی دیکھ بھال فراہم کرنے میں میڈیکل برادری کے ساتھ ہاتھ بٹایا ہے۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے موجودہ صورتحال سے نمٹنے میں سول انتظامیہ کی مدد کرنے میں مسلح فورسز کے ذریعہ ادا کئے جارہے اہم رول کو واضح کیا۔ انہوں نے کہا کہ  بھارتی فضائیہ (آئی اے ایف ) اور بھارتی بحریہ (آئی این) ملک اور بیرون ملک سے آکسیجن ٹینکر ، کنٹینر، کنسنٹریٹراور دیگر اہم طبی سازوسامان کی نقل و حمل کے لئے کافی کوششیں کررہے ہیں۔ انہوں نے فوجی اسپتالوں میں علاج کی سہولیات میں توسیع پر بھی روشنی ڈالی جو اب عام شہریوں کو بھی فراہم کی جارہی ہے۔

وزیردفاع نے ملک کے ہر شہری کو طبی دیکھ بھال فراہم کرنے کے حکومت کے عزم  کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے افسران کو گھر گھر جانچ کرنے ، آشا اور آنگن واڑی کارکنوں کو سبھی ضروری سازوسامان سے لیس کرنے اور دوردراز کے علاقوں میں سبھی سہولیات فراہم کرنے  کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے سبھی فریقوں سے اس وبا کے خلاف جاری ملک کی لڑائی میں کندھے سے کندھا ملا کر چلنے کی درخواست کی۔ انہوں نے یقین ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ  ملک اس نظر نہ آنے والے دشمن کے خلاف فتح حاصل کرے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ‘‘ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، ہم تھکیں گے نہیں ، ہم لڑتے رہیں گے، اور کووڈ -19 کے خلاف جیتیں گے’’۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے آرمڈ فورسز کی تیاریوں کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ابھی جب وہ کووڈ -19 کی دوسری لہر سے لڑنے میں سول انتظامیہ کو مدد فراہم کررہی ہیں تب بھی انہوں نے اپنی مستعدی میں کوئی کمی نہیں ہونے دی ہے۔

اپنے خطاب میں وزیرصحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے 2- ڈی جی کو ڈی آر ڈی او اور ڈی آر ایل ، حیدرآباد کی ایک اہم حصولیابی قرار دیا جو کووڈ -19 کے مریضوں کو اس بیماری سے جلد صحت یاب ہونے میں مدد کرے گی اور آکسیجن پر ان کے انحصار کو کم کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ دوا نہ صرف  بھارت میں بلکہ دنیا بھر میں اس وائرس کو ہرانے میں کافی مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے ڈی آر ڈی او اوراس کے سائنس دانوں کو کووڈ-19 کے خلاف لڑائی میں اہم رول ادا کرنے پر مبارکباد دی ۔

دفاعی تحقیق و ترقی کے محکمہ کے سکریٹری اور ڈی آر ڈی او کے چیئرمین ڈاکٹر ستیش ریڈی نے یقین کا اظہار کیا کہ یہ کووڈ مدافعتی دوا مریضوں کو خطرناک وائرس سے بچانے میں مدد کرے گی۔ امید ہے کہ ڈی آر ایل ، حیدرآباد اس عمل کو آگے بڑھائے گا  اور جلد ہی مریضوں کو یہ دوا دستیاب کرائے گا۔ انہوں نے مسلسل رہنمائی اور حمایت کے لئے وزیردفاع کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ورچوئلی طریقہ سے اس پروگرام میں شامل ہوتے ہوئے ڈی آر ایل کے  چیئرمین جناب کلم ستیش ریڈی نے کہا کہ انہیں 2- ڈی جی کی تیاری میں ڈی آڑ ڈی او اور آئی این ایم اے ایس کے ساتھ اشتراک کرنے کی خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھیراپیٹکس اور ٹیکے کے توسط سے کووڈ کے خلاف ہماری ہم کوششوں کی یہ ازسرنو تصدیق ہے۔

اس پروگرام میں شرکت کرنے والی سرکردہ شخصیات میں سکریٹری (صحت اور خاندانی بہبود ) ڈاکٹر راجیش بھوشن اور طبی خدمات کے ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر سنیل کمار بھی شامل تھے۔ ڈی آر ایل کے چیئرمین کے علاوہ ، سلیولر اینڈ مالیکیولر بایولوجی سنٹر کے ڈائرکٹر ڈاکٹر راکیش مشر اور ملک بھر کے کئی ڈاکٹر ، اسپتال اور لیباریٹریز سے جڑے لوگ ورچوئل طریقہ سے اس پروگرام میں شامل ہوئے۔


 

 

 

Recommended