Urdu News

جلد ہوگی10 لاکھ آسامیوں پر بھرتیاں، کابینہ سیکریٹری نے تمام وزارتوں کو بھیجاخط

جلد ہوگی10 لاکھ آسامیوں پر بھرتیاں

اسامیوں کو ترجیحی بنیادوں پر پر کرنے کی ہدایت،تمام وزارتوں کو بھرتیوں کاکیلنڈر تیار کرنے کو کہا

 مرکزی حکومت روزگار کے معاملے پر جلد ہی بڑا قدم اٹھانے جا رہی ہے۔ آنے والے چند دنوں میں مرکزی حکومت کے تحت تقریباً 10 لاکھ عہدوں پر تقرری کے لیے ایک بڑی مہم شروع ہونے والی ہے۔

اس سلسلے میں کابینہ سکریٹری راجیو گوبا نے تمام وزارتوں کو ایک خط بھیجا ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ جلد از جلد تمام اسامیوں پر تقرریاں کرنے کے لیے ضروری عمل شروع کریں۔

اس سلسلے میں موصولہ اطلاعات کے مطابق مرکزی حکومت نے آنے والے دنوں کے لیے جو ترجیحات طے کی ہیں، ان میں ایک بڑی ترجیح خالی آسامیوں پر تقرریاں کرنا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ پارلیمنٹ میں مرکزی حکومت کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق 01 مارچ 2021 تک مرکز کے تحت تقرریوں کے کل عہدوں میں تقریباً 10 لاکھ عہدے خالی پڑے تھے۔ پارلیمنٹ میں بتایا گیا کہ ملک میں مرکز کی طرف سے منظور شدہ عہدوں کی تعداد 40.35 لاکھ تھی۔

ان میں سے 30.55 لاکھ آسامیوں پر لوگ کام کر رہے تھے، جبکہ باقی تقریباً 10 لاکھ آسامیاں خالی پڑی تھیں۔

مرکزی حکومت کے جواب سے یہ واضح ہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے منظور کردہ تقریباً 25 فیصد عہدے خالی پڑے ہیں۔ ایسے میں اب مرکزی حکومت ایک مقررہ وقت میں ترجیحی بنیادوں پر تمام خالی آسامیوں کو پْر کرنا چاہتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ستمبر کے اوائل میں وزیر اعظم کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں تمام خالی آسامیوں کو مقررہ مدت میں پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

Recommended